میرپورخاص: سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ان کے اندر ذوالفقار علی بھٹو کی روح داخل ہوگئی ہے۔

میرپور خاص میں شہید بینظیر بھٹو اسٹیڈیم میں منعقدہ ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کر سکتے کہ بھٹو خاندان سے ہیں لیکن یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ ان کے اندر پیپلز پارٹی کے مرحوم قائد ذوالفقار علی بھٹو کی روح داخل ہوگئی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں اور مظلوموں کی جماعت ہے اور وہ تمام مظلوموں کو ان کی حقوق دلوائیں گے اور یہی ذوالفقار علی بھٹو نے سکھایا ہے۔

مزید دیکھیں: 'نیب نے سندھ میں ہمیشہ سے پیپلز پارٹی پر ظلم کیا'

انہوں نے کہا کہ آج تھر میں بجلی کا کارخانہ لگ رہا ہے، ایئرپورٹ بن رہا ہے، آج تک غریب عوام کو جو کچھ بھی دیا پیپلز پارٹی نے دیا اور جو وعدے عوام سے کیے وہ پورے کر کے دکھائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ بھی مراد علی شاہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ ہوں گے۔

خطاب سے قبل آصف علی زرداری نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکلات کا سامنا اس لیے ہے کیونکہ پاکستان میں نااہل حکمران حکومت کر رہے تھے، انہیں جس مقصد کے لیے حکومت میں لایا گیا تھا اس کے علاوہ کوئی کام نہیں ہوا بلکہ ان کے دوستوں کی صنعتیں لگتی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف کے ساتھ کوئی این آر او نہیں کیا‘

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ہمیشہ مطالبہ کرتے رہے کہ پاکستان کا باقاعدہ وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تو وہ انگریزی بھی پنجابی میں بولنے لگا، تاہم حکومت کو ایسا وزیر مقرر کرنا چاہیے تھا جسے غیر ملکی بھی سمجھ پاتے۔

نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف کیا پیچھے کے راز بتائیں گے وہ تو خود ہی راز ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ جو شخص یونین کونسل کی نشست نہیں جیت سکتا وہ کس طرح ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کر سکتا ہے۔

اس موقع پر وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، رکن صوبائی اسمبلی نثار کھوڑو، منظور وسان اور سابق رکن اسمبلی فیصل صالح حیات بھی موجود تھے۔

اس سے قبل اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدای (سی پیک) کی خوشحالی صرف ایک صوبے میں نظر آرہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ شہادت پیپلز پارٹی کی وراثت میں آئی ہے، کیونکہ پارٹی کا جینا اور مرنا عوام کے ساتھ ہے، اور عوام کو ایسی ہی سیاست کی ضرورت ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کنہا تھا کہ وفاقی حکومت عوام کو روز گار دینے کے لیے تیار نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

محمد حنیف Jan 06, 2018 11:43am
خود زرداری صاحب کی روح کہاں ھے۔۔؟