اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے سربراہ عمران خان کی جانب سے تیسری شادی کیے جانے کی خبر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے اقرار کیا ہے کہ پارٹی سربراہ نے ابھی شادی نہیں کی، بلکہ اس کی پیش کش کی ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کا یہ بیان پاکستان کے انگریزی اخبار ’دی نیوز‘ کی اس خبر کے ایک روز بعد آیا ہے، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنی روحانی مرشد خاتون سے شادی کرلی۔

اگرچہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ہی عمران خان کی تیسری شادی کی خبر کو جھوٹا قرار دیا تھا، تاہم اب تحریک انصاف نے اپنے بیان میں وضاحت کی ہے کہ تاحال پی ٹی آئی چیئرمین نے تیسری شادی نہیں کی، بلکہ شادی کے لیے اپنی روحانی مرشد کو پیش کی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کی روحانی مرشد بشریٰ مانیکا نے شادی کی رضامندی یا انکار کے لیے بچوں سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کے حوالے سے ذرائع ابلاغ پر جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ‘روزنامہ جنگ’ میں شائع عمر چیمہ کی رپورٹ محض خیالی ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ‘یہ بہت افسوس اور شرمندگی کی بات ہے کہ اشاعتی ادارے جنگ گروپ کے عمر چیمہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور خاتون سے متعلق نجی امور پر محض سنی سنائی بات پر من گھڑت خبر شائع کی’۔

یہ پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی تردید

پی ٹی آئی چیئرمین کے ترجمان نے پریس ریلیز میں کہا ‘عمران خان نے بشریٰ مانیکا جو عمران خان کی روحانی پیشوا بھی ہیں، جن کو انہوں نے شادی کی پشکش کی، تاہم بشریٰ بی بی نے بچوں اور خاندان سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی مبینہ تیسری شادی سے متعلق الیکڑونک میڈیا پر قیاس آرائیاں گردش میں تھی۔

پی ٹی آئی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘ذرائع ابلاغ پر نشرہونے والے تبصرے اور خبروں سے بشریٰ مانیکا اور عمران خان کے بچوں کو سخت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی؟کپتان کا ماننے سے انکار

وضاحتی بیان میں واضح کہا گیا کہ اگر شادی کی پیشکش قبول ہوئی تو عمران خان باقاعدہ اعلان کریں گے، تاہم حتمی فیصلے یا اعلان تک ذرائع ابلاغ غیر مصدقہ اطلاعات نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔

بروز ہفتے کو انگلش روزنامہ دی نیوز نے رپورٹ شائع کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے اپنی روحانی رہنما سے تیسری ’خفیہ‘ شادی یکم جنوری 2018 کو کی۔

مزید پڑھیں: '2 طلاقوں کے بعد اب شادی پر مزید پختہ یقین رکھتا ہوں'

بعدازاں پی ٹی آئی کے عہدیدارن شیریں مزاری، نعیم الحق اور دیگر نے اس رپورٹ کو مسترد کردیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا، تاہم انہوں نے بھی عمران خان کی شادی کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

الیکڑونک میڈیا پر قیاس آرائیوں کے ساتھ ہی بشریٰ مانیکا کے بیٹے نے ہفتے (6 جنوری) کی شب نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شادی سے متعلق خبر کی تردید کردی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ جولائی 2017 میں غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ عمران خان نے لندن میں مانیکا خاندان کی مریم نامی خاتون سے شادی کرلی ہے۔

جس کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوا لیکن پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے ٹوئیٹر پر ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

عمران خان کی پہلی شادی 1995 میں ایک برطانوی ارب پتی گھرانے سے تعلق رکھنے والی خاتون جمائما گولڈ سمتھ سے ہوئی تھی، تاہم 2004 میں ان دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

عمران خان نے اپنی دوسری شادی 2015 میں معروف ٹی وی اینکر ریحام خان سے کی البتہ یہ رشتہ بھی 10 ماہ بعد طلاق کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں