بولی وڈ اداکارہ زرین خان جو ایک بار پھر رواں ہفتے ہارر ایکشن فلم 1920 کے سیکوئل میں ایکشن میں نظر آئیں گی، وہ کسی بڑے اداکار کے ساتھ فلم میں مختصر کردار کو اپنے لیے غیر اہم سمجھتی ہیں۔

’ویر‘ میں جادو جگانے والی زرین خان کا ماننا ہے کہ کسی بڑے اداکار کی بڑی بجٹ والی فلم میں شو پیس کی طرح کردار کرنے سے بہتر ہے کہ چھوٹی فلم میں مرکزی کردار ادا کیا جائے۔

ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے زرین خان نے اعتراف کیا کہ بڑے اداکاروں کی فلموں میں مختصر کرداروں نے انہیں کوئی فائدہ نہیں دیا، ان کا کیریئر آگے نہیں بڑھ سکا۔

زرین خان کی فلم 1921 کل ریلیز ہوگی—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
زرین خان کی فلم 1921 کل ریلیز ہوگی—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

یہ بھی پڑھیں: زرین خان کے جتن

زرین خان کا اشارہ سلمان خان کی فلم ’ریڈی‘ کی طرف تھا، جس میں انہوں نے صرف ایک گانے میں پرفارمنس کی۔

ساتھ ہی زرین خان نے سلمان خان کی فلم ’ویر‘ کو بھی اگرچہ بڑی فلم مانا، تاہم انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وہ فلم کوئی اچھی کامیابی سمیٹنے میں کامیاب نہ ہوسکیں، اور ان کا سپنا پورا نہ ہوسکا۔

’ہیٹ اسٹوری تھری‘ جیسی فلموں میں بولڈ اور مرکزی کردار ادا کرنے والی زرین خان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ’ہاؤس فل 2‘ بھی ایک بہت بڑی فلم تھی، لیکن چوں کہ اس میں متعدد اداکاروں نے کام کیا، اس لیے وہ فلم کی کامیابی میں خود کو کیش نہیں کرواسکتیں۔

30 سالہ اداکارہ کے مطابق وہ بڑی بجٹ اور بڑے اداکاروں کی فلموں میں شوپیس ہونے کے بجائے چھوٹی فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کو ترجیح دیں گی۔

زرین خان نے کہا کہ انہیں کترینہ کیف سے مشابہہ دی جاتی ہے، انہیں کہا جاتا ہے کہ وہ ان کی طرح دکھتی ہیں۔

مزید پڑھیں: زرین خان ہر رات ایک ہارر فلم دیکھتی ہیں

خیال رہے کہ زرین خان کی ایکشن ہارر فلم ’1921‘ 12 جنوری کو ریلیز ہوگی، یہ فلم بولی وڈ ہارر فلم ’1920‘ کا سیکوئل ہے۔

زرین خان نے 2010 میں سلمان خان کی فلم ’ویر‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، وہ اب تک ایک درجن کے قریب فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

زرین خان کی دیگر مشہور فلموں میں ’ہاؤس فل 2، ہیٹ اسٹوری تھری، اکثر 2 اور وجہ تم ہی ہو‘ شامل ہیں۔

افغان نژاد بھارتی مسلم پٹھان خاندان میں 1987 کو ممبئی میں جنم لینے والی زرین خان ابتدائی طور پر ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں، تاہم 2010 میں اداکاری کا چانس ملنے کے بعد وہ اداکارہ بن گئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں