مرتی ہوئی بیوی کا وہ مذاق جس کا علم برسوں بعد ہوا

19 جنوری 2018
— فوٹو بشکریہ انتونیا نکول
— فوٹو بشکریہ انتونیا نکول

جب کسی پیارے کا انتقال ہوتا ہے تو اس کے دکھ سے لڑنا بھی بہت مشکل ثابت ہوتا ہے اور ہر لمحے میں اس کی یادیں ستاتی رہتی ہیں اور وہی زندگی معمول پر لانے میں مدد بھی دیتی ہیں۔

تاہم ایک شخص کے ساتھ مرتی ہوئی بیوی نے ایسا مذاق کیا جس کے بارے میں اسے برسوں بعد پتا چلا۔

لندن سے تعلق رکھنے والی ٹوئٹر صارف انتونیا نکول نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ 'میری ماں نے انتقال سے قبل میرے والد کو سخت ہدایت کی تھی کہ باتھ روم میں لگے پودوں کو پانی دینا مت بھولیں، انہوں نے اس ہدایت پر پوری طرح عمل کیا اور پودوں کو زندہ رکھا۔ وہ پودے اتنے زبردست ہوگئے تھے کہ انہوں نے وہ نئے گھر لے جانے کا فیصلہ کیا اور پھر ان پر انکشاف ہوا کہ وہ تو پلاسٹک کا ہے، میں اپنی والدہ کے قہقہے سن سکتی ہوں'۔

اس ٹوئٹ کو اب تک ہزاروں مرتبہ ٹوئٹ جبکہ ایک لاکھ سے زائد بار لائیک کیے جاچکا ہے اور لوگ جذباتی طور پر اس داستان سے جڑ گئے ہیں۔

انتونیا کی والدہ کا انتقال 2013 میں کینسر کے نتیجے میں ہوا تھا اور اس سے پہلے اپنے شوہر کو پودوں کو پانی دینے کی ہدایت کی تھی۔

انتونیا نے بتایا 'جب میرے والد کو علم ہوا کہ وہ برسوں سے پلاسٹک کے پودوں کو پانی دے رہے ہیں، تو یہ سب ہمارے لیے اتنا پرمزاح تھا کہ ہمیں لگا وہ ہمارے ساتھ ہی ہیں'۔

انتونیا نے اپنے والد کی پودوں کو پانی ڈالنے کی تصویر بھی ٹوئٹ کی۔

تبصرے (0) بند ہیں