چارسدہ ڈسٹرک کورٹ نے تحصیل شب قدر میں اسکول پرنسپل کو قتل کرنے والے طالب علم کو 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے 12 ویں جماعت کے طالب علم ملزم فہیم کو سینئر سول جج عطاء اللہ جان کے سامنے پیش کیا اور ملزم کے ریمانڈ کی درخواست کی، جس پر عدالت نے ملزم کو 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چار سدہ کی تحصیل شب قدر میں ایک نجی کالج کے طالب علم نے فائرنگ کرکے پرنسپل کو ہلاک کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: طالب علم کی فائرنگ سے نجی کالج کا پرنسپل ہلاک

پولیس کے مطابق طالب علم فہیم نے درس گاہ کے پرنسپل سریر کو فائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ انہیں 6 گولیاں لگی تھی۔

واقعے کے حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا تھا کہ پرنسپل نے ایک روز قبل طالب علم سے کالج میں 3 روز تک غیر حاضری کے حوالے سے سوال کیا تھا اور برہمی کا اظہار کیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ فہیم دوسرے دن اپنے ہمراہ ایک پستول کالج لایا تھا اور پرنسپل کو قتل کردیا۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) چار سدہ ظہور آفریدی نے بھی واقعے کی تصدیق کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں