بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ضلعی عہدیدار کی جانب سے داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے لگائی گئی پابندی کو فوری طور پر اٹھا لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر دالبندین حبیب اللہ مندوخیل کی جانب سے گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی عائد کردی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ’اہلیانِ دالبندین سے درخواست کی جاتی ہے کہ سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام حمام مالکان کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ڈیزائن والی داڑھی ہرگز نہ بنائیں، اس عمل پر مکمل پابندی ہے‘۔

مزید پڑھیں: گوادر: ڈیزائن والی داڑھی بنانے پر پابندی

اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ اس نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز
اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز

بعدِ ازاں اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے اسی روز ایک اور نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں مذکورہ پابندی کو اٹھانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ داڑھی میں ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی کو اٹھا لیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر کیا جارہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر دالبندین حبیب اللہ مندوخیل نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی عائد کرنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں، اسی وجہ سے پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لیا گیا‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس مئی میں صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اوڑماڑہ میں میونسپل کمیٹی نے حجاموں پر داڑھیوں میں ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: داڑھی کے اسٹائل بنانے والے زلف تراش کو دھمکی

گوادر میں میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عامر اقبال کی سربراہی میں ہونے والا یہ فیصلہ اوڑماڑہ کی میونسپل کمیٹی کے رمضان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولوی محمد اٰمین نے اعتراض کیا تھا کہ علاقے کے حجام داڑھیوں پر ڈیزائن بناتے ہیں جو اسلامی شریعت کے خلاف ہے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ نامی ایک گروپ نے گزشتہ برس 29 دسمبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں پمفلٹس تقسیم کیے تھے جس میں حجام کو دھمکی دی گئی تھی کہ وہ گاہکوں کی داڑھیوں کے 'غیراسلامی' ڈیزائن نہ بنائیں بصورت دیگر نتائج ذمے دار وہ خود ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں