بولی وڈ اداکارہ جیا خان کی خودکشی کے ساڑھے 4 سال بعد ان کے سابق بوائے فرینڈ سورج پنچولی پر فردجرم عائد کردی گئی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سورج پنچولی میں فرد جرم کی تردید کی اور اب 17 فروری سے مقدمے کی سماعت شروع ہوگی۔

خیال رہے کہ جیا خان نے 2013 میں خود کو پھندہ لگا کر خودکشی کرلی تھی اور اپنے آخری خط میں سورج پنچولی پر زندگی تباہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

مزید پڑھیں : جیا کی خود کشی: محبت میں ناکامی؟

اداکار کے وکیل پرشانت پٹیل نے بتایا 'سورج نے بے گناہی پر اصرار کیا اور گواہوں پر جرح کا آغاز 14 فروری کو ہوگا'۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کے مطابق سورج پنچولی نے پوچھ گچھ کے دوران حقائق چھپائے، جبکہ انہوں نے پولی گراف یا برین میپنگ ٹیسٹ کا حصہ بننے سے بھی انکار کیا۔

سی بی آئی کا کہنا تھا کہ جیا خان کی جانب سے تین صفحات پر لکھا گیا خط ممبئی پولیس نے اپنے قبضے میں لیا تھا جس میں اداکارہ نے سورج پنچولی کے ساتھ تعلق، مبینہ جسمانی اور ذہنی تشدد کا ذکر کیا گیا، جس کی وجہ سے انہوں نے خودکشی کی۔

یہ بھی پڑھیں : جیا خان کو قتل کیا گیا، والدہ کا بیان

سورج پنچولی کے والد آدتیہ پنچولی نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ ان کے خاندان کو یہ جان کر سکون ملا ہے کہ ٹرائل آگے بڑھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا ' ٹرائل کے آغاز پر ہم بہت خوش ہیں، ہم اس دس کا ساڑھے چار سال سے انتظار کررہے تھے، اب حقیقی ٹرائل شروع ہورہا ہے اور ہم جنگ لڑ سکیں گے۔ اگر ہم مجرم ہیں تو سورج کو ضرور سزا دیں، اگر ہم مجرم نہیں تو سورج کو ان الزامات سے بری کیا جائے۔ ہم بہت زیادہ تناﺅ سے گزرے مگر اکھٹے رہے اور فلمی صنعت کے دوست جیسے سلمان خان بھی ہمارے ساتھ تھے۔ ٹرائل ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، سورج نوجوان ہے اور اس کے آگے پوری زندگی ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں