اگر کتا کاٹ لے تو انفیکشن سے بچنے کیلئے کیا کریں؟

اپ ڈیٹ 05 فروری 2018
— فوٹو بشکریہ وکی ہاؤ
— فوٹو بشکریہ وکی ہاؤ

انسانوں کا جانوروں سے سامنا اکثر ہوتا ہے اور اگر اس حوالے سے بات کی جائے تو کتے کے کاٹنے کے سیکڑوں واقعات تو روزانہ سامنے آتے ہیں۔

جانوروں کے کاٹنے سے اکثر جلدی انفیکشن ہوجاتے ہیں جبکہ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ سنگین انجری اور معذوری کا سامنا ہو اور سب سے زیادہ سنگین معاملہ اس وقت ہوتا ہے جب ایسا کتا کاٹ لے جو ربیز کو انسانی جسم میں منتقل کردے۔

تاہم اگر کتا کاٹ لے تو اس وقت کیا احتیاط کرنا چاہیے؟ اور کس طرح کسی سنگین خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے؟

اگر ایسا واقعہ پیش آئے تو درج ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

زخم کا معائنہ کریں

کتوں کے کاٹنے کے اکثر واقعات میں زخم چھوٹا ہوتا ہے جس کا علاج گھر میں ہوسکتا ہے، اگر کتے کے دانت بمشکل جلد کے اندر جاسکیں ہوں یا معمولی خراش ہو تو پھر گھر میں علاج کیا جاسکتا ہے۔ اگر یہ زخم گہرا ہو، جوڑوں یا ہڈیاں دب گئی ہوں تو ایسی صورت میں طبی امداد لینی چاہیے۔

زخم کو دھوئیں

کتے کے کاٹنے سے آنے والے زخم کو صابن اور پانی سے دھوئیں، متاثرہ حصے کو بہت زیادہ صابن اور نیم گرم پانی سے کئی منٹ تک دھوئیں، جس سے زخم کو جراثیموں سے صاف کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے لیے کوئی بھی صابن استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم اگر جراثیم کش صابن موجود ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ اگرچہ صابن سے دھونے میں مرچوں کا احساس ہوسکتا ہے مگر پھر بھی زخم دھولینا زیادہ بہتر خیال ہے۔

زخم دبائیں

اگر دھونے کے بعد بھی زخم سے خون نکل رہا تو صاف تولیے یا کپڑے سے متاثرہ جگہ کو دبائیں، اس سے خون بہنا رک جائے گا یا رفتار اتنی سست ہوجائے گی کہ بینڈیج لگائی جاسکے۔ اگر بینڈیج کے بعد بھی زخم سے مسلسل خون نکلتا رہے تو طبی امداد کے لے رجوع کیا جانا چاہیے۔

اینٹی بایوٹیک مرہم لگائیں

اینٹی بایوٹیک کریم بھی زخم کو بھرنے کے ساتھ انفیکشن کی روک تھام میں مدد دیتی ہیں، اس کریم کو براہِ راست زخم پر لگائیں۔

بینڈیج کا استعمال

کریم لگانے کے فوری بعد بینڈیج یا پٹی سے زخم ڈھانپ دیں، پٹی اتنی سخت ہو کہ یہ زخم کو تحفظ دے مگر اتنا زیادہ نہ ہو کہ خون کی روانی رک جائے یا کسی اور تکلیف کا باعث بنے۔

پٹی بدلنا

جب بھی پٹی کھول کر زخم دیکھیں تو دوبارہ نئی پٹی کا استعمال کریں یا نہانے کے بعد بھی نئی پٹی لگائیں، زخم کو نرمی سے دھوئیں اور کریم لگانے کے بعد نئی بینڈیج استعمال کریں۔

ٹیٹنس کا ٹیکا

ٹیٹنس ایسا انفیکشن ہے جو کسی بھی کتے کے کاٹنے کے بعد ہدف بناسکتا ہے، طبی ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اگر کتا کاٹ لے تو ٹیٹنس کا ٹیکا ضرور لگوالیں، خاص طور پر اگر آخری بار اس ٹیکے کو لگے پانچ سال یا اس سے زائد عرصہ ہوچکا ہو۔

زخم پر نظر رکھیں

زخم بھرنے کے ساتھ انفیکشن کی دیگر علامات پر نظر رکھیں، اگر زخم میں انفیکشن کا امکان نظر آئے تو ڈاکٹر سے فوری رجوع کریں، عام طور پر انفیکشن کی علامات کچھ ایسی ہوسکتی ہیں؛ درد بڑھ جانا، سوجن، زخم کے ارگرد سرخی یا گرمائش کا احساس، بخار اور پیپ جیسا مواد خارج ہونا۔

طبی امداد کے لیے رجوع کرنا

اگر تو آپ کسی مرض جیسے ذیابیطس، جگر کے امراض، کینسروغیرہ کے شکار ہیں تو کتے کے کاٹنے کے معمولی زخم پر بھی کسی پیچیدگی سے بچنے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ ان امراض کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات جسمانی دفاعی نظام کو کمزور کرتی ہیں اور کاٹنے کے زخم سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

KHAN Feb 05, 2018 08:01pm
کتے کے کاٹنے کی صورت میں ہر صورت ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ باقی تمام باتیں بعد میں ہر صورت سب سے پہلے ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔۔۔
KHAN Feb 05, 2018 08:02pm
یہ انسانی زندگی اور دردناک موت سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔