پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے انہیں اور خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی جمہوریت کے تصور کے مطابق منتخب وزیراعظم تمام ریاستی اداروں کا غلط استعمال کرسکتا ہے اور سپریم کورٹ کو اپنی پارٹی کے غنڈوں سے روند سکتا اور ججوں کو پیسوں سے بھرا بریف کیس دے سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سوچتے ہیں کہ ایک منتخب وزیر اعظم ریاست کے قانون سے بالاتر ہے اور اس سے کوئی سوال نہیں پوچھ سکتا اور نہ ہی اس پر کوئی قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’وزیر اعظم منی لانڈرنگ کرسکتا، ٹیکس چوری کرسکتا، اثاثے چھپا سکتا، پارلیمان کے سامنے جھوٹ بول سکتا اور اسے تمام بدعنوانی کی اجازت ہے کیونکہ وہ منتخب وزیر اعظم ہے!‘

مزید پڑھیں: ’پٹھانوں نے تاریخ رقم کردی،نواز شریف کے خلاف فیصلہ مسترد کردیا‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے کے دوران نواز شریف نے کہا تھا کہ اگر آئندہ انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب ہوتی ہے تو وہ پارٹی کو اجازت دیں گے کہ وہ ایسی قانون سازی کریں کہ مستقبل میں منتخب وزیر اعظم کو نااہل ہونے سے روکا جاسکے۔

جلسے کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے عمران خان اور اور خیبرپختونخوا حکومت میں تحریک انصاف کے کام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ عمران خان نے 4 سال کنٹینر پر بیٹھ کر گزار دیے اور سوال کیا کہ انہوں نے اپنے صوبے کے لیے کیا کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے نواز شریف کے خیبرپختونخوا میں ترقی کے فقدان کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا می 350 مائیکرو ہائڈل اسٹیشن پر کام مکمل ہوچکا جبکہ محکمہ پولیس، صحت اور تعلیم میں بھی اصلاحات کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'عمران خان اور نواز شریف کے کیس کا موازنہ کرنا ناممکن'

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک ارب درخت سونامی پروگرام کو ورلڈ وائڈ لاف فیڈریشن (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کی جانب سے آڈٹ کیا گیا تھا اور بین الاقوامی یونین برائے قدرتی ماحول کا تحفظ ( آئی یو سی این) نے بھی اس کی کامیابی کو تسلیم کیا۔

نواز شریف کی جانب سے اربوں درختوں کے نام پر اربوں روپے کے گھپلے کے دعویٰ پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جانب سے اس طرح کا عمل شرمناک ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں