دبئی: مشہور و معروف بھارتی اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے 54 سال کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بالی وڈ کی پہلی سپراسٹار ادکارہ کے انتقال کے وقت ان کے ساتھ ان کے شوہر بونی کپور اور ان کی بیٹی خوشی موجود تھے اور ان کے دیور سنجے کپور نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

سنجے کپور نے انڈین ایکسپریس کو خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر درست ہے کہ سری دیوی انتقال کر گئی ہیں۔ میں دبئی میں تھا اور ابھی یہاں پہنچا ہوں لیکن اب واپس دبئی روانہ ہو رہا ہوں۔ یہ واقعہ 11-11:30 بجے کے درمیان پیش آیا اور مجھے اس حوالے سے اس وقت مزید معلومات نہیں۔

معروف اداکارہ کی موت کے اس المناک واقعے پر بالی وڈ اسٹارز نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سری دیوی کی زندگی

معروف اداکارہ کا اصل نام شری اما ینگر ایاپن تھا اور انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 1978 میں بالی وڈ میں ڈیبیو سے قبل تامل، تیلگو، ملیالم اور بنگالی فلموں میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔

انہوں نے 80 اور 90 کی دہائی میں چاندنی، لمحے، جدائی، مسٹر انڈیا، گمراہ، خدا گواہ، لاڈلا سمیت کئی فلموں میں اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔

مایہ ناز بالی وڈ اسٹار نے ناصرف اپنے کیریئر کے پہلے حصے میں شاندار اداکاری کی بلکہ کیریئر کے دوسرے حصے میں انگلش ونگلش اور مام جیسی فلموں میں جاندار اداکاری سے سب کو حیران کردیا۔

فلمی دنیا کیلئے ان کی بے انتہا خدمات پر 2013 میں بھارتی حکومت نے انہیں ملک کے چوتھے بڑے شہری اعزاز 'پدما شری' سے نوازا تھا۔

2013 میں بھارتی سینما کے 100 سال کی تکمیل پر آئی بی این-سی این این نے ووٹنگ کی تھی جس میں عوام نے انہیں 100 سال میں بھارت کی سب سے عظیم اداکارہ قرار دیا تھا۔

رواں سال ان کی بیٹی کرن جوہر کی فلم کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ یہ دیکھنے کیلئے اس دنیا میں موجود نہیں ہوں گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Amanullah Feb 25, 2018 12:10pm
She was a marvel. We lost a kind and a gentle personality we would not have anymore. Amanullah Karachi Pakistan