ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا کے 4 نئے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز متعارف کرا دیئے ہیں۔

نوکیا فونز کی فروخت کا لائسنس رکھنے والی کمپنی کی جانب سے بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے آغاز سے ایک دن پہلے چار نئے اسمارٹ فونز متعارف کرائے۔

ان فونز میں نوکیا 8 سیروکو، نوکیا سیون پلس، نیا نوکیا سکس (2018) اور اب تک کا سستا ترین فون نوکیا 1 شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : نوکیا کے ایک اور پرانے فون کی نئی شکل میں واپسی

نوکیا 1

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

نوکیا ون پرانے نوکیا لومیا ونڈوز فونز کی یاد دلاتا ہے اور یہ کمپنی کا سستا ترین اینڈرائیڈ فون بھی ہے، 4.5 انچ ڈسپلے والا یہ فون گوگل اینڈرائیڈ گو پروگرام کا بھی پہلا فون ہے جسے نہ ٹوٹنے والے پلاسٹک سے تیار کیا گیا یعنی اس ڈیوائس کو مختلف ایکسپریس آن کور سے سجایا جاسکتا ہے۔ اس فون میں گوگل کی کم جگہ گھیرنے والی گو ورژں کی ایپس جیسے جی میل، اسسٹنٹ اور میپس وغیرہ موجود ہیں جس میں انٹری لیول ہارڈوئیر دیا گیا ہے۔ اس میں ایک جی بی ریم اور آٹھ جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ پانچ میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے۔ اس میں اینڈرائیڈ اوریو گو آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے اور اس کی قیمت 85 ڈالرز (لگ بھگ ساڑھے 9 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے اور یہ رواں سال اپریل میں دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

نیا نوکیا سکس

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

گزشتہ سال کے نوکیا سکس کو اس کمپنی نے کچھ اپ ڈیٹ کے ساتھ دوبارہ پیش کیا ہے جو کہ بنیادی طور پر رواں سال کے شروع میں سب سے پہلے چین میں سامنے آیا تھا جبکہ اپریل میں دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔ 279 یورو (38 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) قیمت کے اس فون میں اسنیپ ڈراگون 630 پراسیسر، تین سے چار جی بی ریم، 32 سے 64 جی بی اسٹوریج، مائیکرو ایس ڈی کارڈ اسپورٹ، 5.5 انچ ڈسپلے، سولہ میگا پکسل بیک جبکہ آٹھ میگا پکسل فرنٹ کیمرہ، اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم، 3000 ایم اے ایچ بیٹری، اور یو ایس بی ٹائپ سی جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کے سب سے بڑے موبائل فون شو میں کیا کچھ سامنے آئے گا؟

نوکیا سیون پلس

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

یہ گزشتہ سال کے نوکیا سیون فون سے کافی مختلف ہے، اس میں سکس انچ کی بڑی ایل سی ڈٰ اسکرین، 18:9 ریشو اور بہت کم بیزل دیئے گئے ہیں۔ کیمرے کے لحاظ سے فون کافی بہتر قرار دیا جاسکتا ہے اور اس میں ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ موجود ہے، ایک بارہ میگا پکسل کا کیمرہ جس میں زیسز آپٹکس کی ٹیکنالوجی موجود ہے جبکہ دوسرا ٹو ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ تیرہ میگا پکسل کیمرہ۔ اس کے فرنٹ پر سولہ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔ یہ فون بھی اپریل میں 399 یورو (لگ بھگ 55 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔

نوکیا 8 سیروکو

فوٹو بشکریہ دی ورج
فوٹو بشکریہ دی ورج

ایچ ایم ڈی گلوبل نے گزشتہ سال اگست میں نوکیا ایٹ کے نام سے پہلا اینڈرائیڈ فلیگ شپ فون متعارف کرایا تھا اور اب موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر اس نے نوکیا ایٹ سیروکو پیش کیا جو کہ ڈیزائن کے لحاظ سے بہت زیادہ بہتر ہے اور کمپنی کا پہلا بیزل لیس فون بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ فون کا فنگرپرنٹ ریڈر فرنٹ سے بیک پر منتقل کردیا گیا تاکہ بیزل کم کیا جاسکیں جبکہ ایج ٹو ایج ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں معمول کی انٹینا لائنز کو چھپادیا گیا ہے۔ اس میں طاقتور کوالکوم 835 پراسیسر، سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔ 5.5 انچ کے پی او ایل ای ڈی ڈسپلے کے ساتھ بارہ، بارہ میگا پکسل کے دو بیک کیمرے جس میں زیسز آپٹکس ٹیکنالوجی موجود ہے جبکہ پانچ میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ دیا گیا ہے جس میں سیلفی کے لیے وائیڈ اینگل لینس دیا گیا ہے جبکہ اس میں موجود سافٹ وئیر بوتھی موڈ کو سپورٹ کرتا ہے یعنی بیک وقت فرنٹ اور بیک کیمروں کو استعمال کیا جاسکتا ہے، اس سے ہٹ کر نیا پرو کیمرہ موڈ بھی موجود ہے جو کہ پرانے نوکیا لومیا ڈیوائسز سے ملتا جلتا ہے۔ اسی طرح پہلی بار وائرلیس چارجنگ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے تاہم ہیڈفون جیک کو ختم کردیا گیا ہے۔ یہ فون بھی رواں سال اپریل میں 749 یورو (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں