پنجاب اسمبلی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے حالیہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیب کے خلاف قرارداد منظور کی اور وفاقی حکومت سے قوانین میں ترمیم کا مطالبہ کر دیا۔

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ نے نیب کے خلاف قرارداد صوبائی اسمبلی میں پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نیب قوانین بنیادی انسانی حقوق سے متصادم اور انسانی وقار کے منافی ہیں۔

نیب کی جانب سے پنجاب میں کی جانے والی حالیہ گرفتاریوں کے بعد صورت حال کی طرف سے اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے اعلیٰ سرکاری افسران کو ہراساں کیا گیا اور ان کی ماورائے عدالت کردار کشی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: احد چیمہ کی گرفتاری کےخلاف بینرز آویزاں

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان شرف انسانی کو نہ صرف قابل حرمت قرار دیتا ہے لیکن نیب کی طرف سے اعلیٰ سرکاری افسران کو ہراساں کیے جانے، ان کی تضحیک، کے علاوہ گرفتاری کی میڈیا میں باقاعدہ تشہیر ماورائے عدالت کردار کشی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات ہیں۔

ایوان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیب سمیت ہر ادارہ بنیادی انسانی حقوق، اخلاقی اقدار اور آئین پاکستان کی پاسداری کو یقینی بنائے۔

پنجاب اسمبلی کی جانب سے وفاقی حکومت کو اس معاملے کو زیر بحث سے لانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو کے آرڈیننس 99 کو آئین سے نکالا جائے کیونکہ یہ رشوت اور بدعنوانی کو محفوظ راستہ فراہم کررہا ہے۔

قرار داد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس 1999 میں ایسی ترامیم کی جائیں جن سے غیر قانونی اختیارات کے استعمال کا سدباب ہوسکے خاص طور پر پلی بارگین سے متعلق شق کو حذف کیا جائے۔

یاد رہے کہ نیب کی جانب سے حال ہی میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کے الزام میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق سربراہ احد چیمہ سمیت دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:لیگی حلقوں میں احد چیمہ کی گرفتاری پارٹی کیلئے ‘سازش’ قرار

لاہور کی احتساب عدالت نے 22 فروری کو احد خان چیمہ کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا جس کے بعد ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے گورنمنٹ آفیسرز ریزیڈنس (جی او آر) میں پنجاب کے تمام اضلاع کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز کو طلب کرکے بند کمرے میں اجلاس کیا تھا۔

اجلاس میں کہا گیا تھا کہ وہ اس وقت تک انتظامی امور شروع نہیں کریں گے جب تک خفیہ ایجنسیوں، سیاست دانوں اور عدالتوں کے ہاتھوں ان کے سینئرز کی توہین کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی احد چیمہ کی گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Feb 28, 2018 09:34pm
ملک کے تمام قوانین کا غلط استعمال ہوسکتا ہے، کیا اس بنا پر ان کو غیرقانونی قرار نہ دے دیا جائے۔ اپنوں کے لیے واہ واہ غیروں کے لیے تھو تھو