'ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت جلد مل جائے گی'

03 مارچ 2018
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے سربراہ گیانی انفنٹینو— فوٹو: اے ایف پی
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے سربراہ گیانی انفنٹینو— فوٹو: اے ایف پی

میونخ: فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے سربراہ گیانی انفنٹینو نے کہا ہے کہ ایران نے اْنھیں یقین دلایا ہے کہ خواتین کو بہت جلد ملک میں ہونے والے مردوں کے فٹبال میچ اسٹیڈیم جا کر دیکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے جمعرات کو ایران کے دورے کے دوران صدر حسن روحانی سے ملاقات کی اور ساتھ ساتھ ملک مقامی سطح ہونے والے ایونٹ کا میچ بھی دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کام کے دو طریقے ہوتے ہیں۔ ہم ان پر پابندی لگا دیں اور ان کا بائیکاٹ کر دیں جبکہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ہم ان سے بات کر کے انہیں راضی کرنے کی کوشش کریں اور میں دوسرا طریقہ اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ حسن روحانی نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ خواتین کو اسٹیڈیم تک رسائی دیں گے تاہم انہوں نے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ ایران جیسے ملکوں میں ایسے کاموں میں وقت لگتا ہے۔

واضح رہے کہ جس وقت فیفا کے صدر ایران کے مقامی ٹورنامنٹ میں میچ دیکھ رہے تھے اس وقت ایران کی انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا تھا کہ فیفا کے صدر مردوں کے گراؤنڈ میں میچ دیکھ رہے ہیں اور اسی دوران گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کی خواہشمند خواتین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

تاہم ایران کی وزارت داخلہ نے وضاحتی بیان میں اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ مناسب جگہ پر منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں مردوں کے کھیلوں کی تقریبات میں خواتین کی شرکت پر ممانعت عائد ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں