پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عالمی یوم خواتین پر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نیا گانا جاری کردیا۔

اس خصوصی گانے کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خصوصی پیغام کے ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔

آرمی چیف کی جانب سے خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یونیفارم میں ملک کا دفاع کرنے والی خواتین کے کردار پر فخر ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ خصوصی طور پر ہمیں ان خواتین کے کردار پر فخر ہے، جو شہیدوں کے خاندان سے ہیں اور وہ یونیفارم میں ملکی دفاع کے لیے کوشاں ہیں۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ ہے ملکی ترقی میں خواتین کا کردار اور ان کی ذمہ داری کی اہمیت نمایاں ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

آئی ایس پی آر کے گانے میں ملک کی ان تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جنہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں وطن کے لیے کردار ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے گانے میں فاطمہ جناح سے لے کر اسلامی دنیا اور ملک کی پہلی خاتون بے نظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاستدان و کھلاڑی خواتین کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ملک کی ترقی کے لیے اہم کارنامے سر انجام دیے۔

گانے میں منیبہ مزاری، ثمینہ بیگ، نسیم حمید، میڈم نورجہاں، فہمیدہ مرزا، ملیحہ لودھی اور باکسنگ سیکھتی لیاری کی بچیوں سمیت ان تمام خواتین و نوجوان لڑکیوں کو دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے محنت کی۔

گانے میں پاک فوج سمیت دیگر افواج میں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو جنگی ہتھیار و طیارے اڑاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں