پاکستان میں چلنے والی معروف رائیڈ سروس کریم کے ایک 'کیپٹن' کی جانب سے مسافر کو ان کی کار میں سگریٹ نوشی پر ہراساں کرنے اور دھمکانے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے جس کو ڈرائیور نے خود سوشل میڈیا میں جاری کردیا۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا میں آتے ہی فوری طور پر گردش کرنے لگی۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ 'کیپٹن' برابر میں سیٹ میں بیٹھے ہوئے ایک مسافر کو بدزبانی کررہے ہیں اور انھیں دھمکا رہے ہیں۔

مسافر یہ دیکھتے ہوئے کہ اس وقت ویڈیو بنائی جارہی ہے ڈرائیور کو ایسا کرنے سے دو مرتبہ منع کرتے ہیں لیکن ان کی بدزبانی میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

ڈرائیور اپنے مسافر کو مخاطب کرتے ہوئے درشت لہجے میں معذرت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھکما رہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ 'تم ہو کون؟ تمھارے گھر میں پنکھا نہیں ہے یہاں میں نے تمھارے لیے اے سی لگایا ہے اور تم یہاں سگریٹ پی رہے ہو'۔

'کیپٹن' سخت لہجے میں مسافر کو کہتا ہے کہ 'باپ کی گاڑی سمجھ رکھی ہے، گاڑی میں سگریٹ پی رہے ہو اور یہاں ایسا کرنے کی تمھاری ہمت کیسے ہوئی'۔

دوسری جانب مسافر غلطی سے سگریٹ پھینکنے کی وضاحت کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ڈرائیور انھیں مسلسل دھمکاتے ہوئے بات کرنے کا کوئی موقع نہیں دے رہے ہیں۔

معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوتا ہے جب مسافر گاڑی سے اترتے ہوئے شکایت درج کروانے کے حوالے سے کہتا ہے کہ میں نے گاڑی کا نمبر نوٹ کرلیا ہے لیکن ڈرائیور پھر سے بدزبانی کرتے ہیں۔

تاہم ڈرائیور کی جانب سے ایک اور ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں وہ مسافر کو دھمکانے کی وجہ ان کی گاڑی کو نقصان پہنچانا کہہ رہے ہیں۔

انھوں نے گاڑی کے ٹوٹے ہوئے شیشے کو ثبوت کے طور پر دکھارہے ہیں اور اس کا الزام مذکورہ مسافر پر عائد کرتے ہیں۔

کریم سے رابطہ کرنے پر جواب دیا گیا کہ 'ہم معاملے کا جائزہ تمام پہلووں سے لے رہے ہیں اور دونوں فریق سے رابطے میں ہیں اور معاملے کے فوری حل کے لیے پرامید ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں