بولی وڈ سلطان سلمان خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ اگرچہ رواں برس عید الفطر پر ریلیز ہوگی، تاہم شائقین کو ابھی سے اس کا بے حد انتظار ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ سلمان خان بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی کامیاب ترین فلم فرنچائز کا حصہ بنیں گے۔

یہ فلم ’ریس‘ سیریز کی آنے والی تیسری فلم ہے، اس سے قبل دونوں فلموں میں مرکزی کردار سیف علی خان نے ادا کیا تھا۔

’ریس تھری‘ میں سلمان خان کے ساتھ ایک بار پھر جیکولین فرنانڈس ایکشن کرتی نظر آئیں گی، جب کہ ساتھ ہی بوبی دیول اور انیل کپور بھی فلم کا حصہ ہوں گے۔

اگرچہ فلم کی پہلی جھلک گزشتہ ماہ 3 فروری کو جاری کی گئی تھی، جس میں صرف مرکزی اداکارہ جیکولین فرنانڈس کی آنکھوں کی جھلک دکھائی گئی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں سلمان خان نے ریس تھری میں اپنے کردار کی پہلی جھلک ٹوئٹر پر جاری کی تھی، جس میں وہ پسٹول تھامے ہوئے تھے، جس سے لگتا تھا کہ وہ فلم میں منفی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ریس تھری کی پہلی جھلک میں جیکولین کی آنکھوں کی جھلک

تاہم اب اس فلم کا آفیشل لوگو اور نام کا ڈیزائن جاری کردیا گیا، جس میں دی گئی موسیقی ایک اور بولی وڈ ایکشن فلم سیریز ’دھوم‘ کی طرز پر دی گئی ہے۔

’ریس تھری‘ کے نام کا ڈیزائن اور لوگو سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام پر جاری کیا، جس کی موسیقی سن کر ایسا لگتا ہے جیسے بولی وڈ ایکشن فلم ’دھوم‘ کی موسیقی سنی جا رہی ہو۔

مزید پڑھیں: ریس تھری میں جیکولین اور سلمان کے رومانوی ایکشن

واضح رہے کہ اس بار فلم کی ہدایات بھی دوسرے ڈائریکٹر دیں گے، اس فلم کی ہدایات ریمو ڈی سوزا دیں گے، جو اس سے قبل سلمان خان کی متعدد فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

ریس سیریز کی پہلی دو فلموں کی ہدایت کاری عباس برما والا اور مستان برماوالا نے دی تھیں، جنہیں عباس مستان کہا جاتا ہے۔ جیکولین فرنانڈس اس سیریز میں دوسری جب کہ سلمان خان پہلی مرتبہ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریس تھری میں جیکولین مارشل آرٹ کرتب دکھائیں گی

جیکولین فرنانڈس ریس تھری میں ایکشن کے جلوے دکھانے سمیت مارشل آرٹس کے کرتب بھی دکھاتی نظر آئیں گی، جس کے لیے انہوں نے خصوصی تربیت لینا شروع کردی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ رواں ماہ کے آخر تک جیکولین فرنانڈس ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ ٹیم کو ابو ظہبی میں جوائن کریں گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

bindi Mar 15, 2018 05:39pm
Salman ka ek hi action dekh dekh kar ab koft honi si lagi hai.