مادھوری ڈکشٹ نے سری دیوی کی جگہ لے لی

دونوں اداکاراؤں نے 2012 میں ٹی و شو میں ایک ساتھ ڈانس کیا تھا—فوٹو: اسکرین شاٹ
دونوں اداکاراؤں نے 2012 میں ٹی و شو میں ایک ساتھ ڈانس کیا تھا—فوٹو: اسکرین شاٹ

ویسے تو ماضی کی ڈانس گرل مادھوری ڈکشٹ اور سپر اسٹار سری دیوی کا آپس کا کوئی موازنہ نہیں، تاہم اب بولی وڈ کی ’چاندنی‘ کے چل بسنے کے بعد تیزاب کی ’موہنی‘ نے ان کی جگہ لے لی۔

جی ہاں، مادھوری ڈکشٹ نے آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی جگہ لے لی، جس کا اعلان خود سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کپور نے کیا۔

جھانوی کپور نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی ماں سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد، ان کی چھوٹی بہن اور انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ مادھوری نے ان کی ماں کی جگہ لے لی۔

مادھوری ڈکشٹ نے دراصل آنے والی بولی وڈ فلم ’شدت‘ میں سری دیوی کی جگہ لی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس میں بننے والی فلم ’شدت‘ سری دیوی کی اہم ترین فلموں میں سے ایک تھی، جس کی جلد ہی شوٹنگ شروع ہونے والی تھی، مگر ان کی اچانک موت ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہوٹل میں سری دیوی کے ساتھ آخری 15 منٹ میں کیا ہوا؟

اب ’شدت‘ میں سری دیوی کا کردار ماضی کی ڈانس گرل مادھوری ڈکشٹ ادا کرتی نظر آئیں گی۔

’شدت‘ میں ان کے ساتھ دیگر اداکاروں میں سنجے دت، ادیتی راؤ چوپڑا، عالیہ بھٹ اور ورون دھون بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

شدت کی ہدایات ابھیشک ورمن دیں گے، جب کہ اسے کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی ’دھرما‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، یعنی کرن جوہر اس کے پروڈیوسر بنیں گے۔

فلم کو 1940 کے اسٹائل و انداز کے تحت بنایا جائے گا، جس کے لیے فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا خصوصی طور پر لباس تیار کریں گے۔

اس اہم ترین فلم کو ہدایت کار ساجد نڈیاڈوالا کے پروڈکشن ہاؤس ’فاکس اسٹار‘ کے اشتراک سے بنایا جائے گا، جب کہ اس کے لیے خصوصی سیٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اطلاعات ہیں کہ ’شدت‘ کے لیے ممبئی میں خصوصی سیٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جب کہ فلم کی شوٹنگ کی شرعات آئندہ برس کے آغاز میں ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ سری دیوی گزشتہ ماہ 24 فروری کو دبئی کے معروف ایمیریٹس ٹاور ہوٹل میں نہانے کے دوران باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہلاک ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: مادھوری کا سری دیوی کو ’خراج تحسین‘

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم دبئی پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کو حادثہ قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کر رکھی تھی، جس وجہ سے وہ نہانے کے دوران بے ہوش ہوگئیں اور ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

سری دیوی دبئی میں اپنے شوہر بونی کپور کے بڑے بھتیجی کی شادی میں شرکت کے لیے اپنے شوہر اور بیٹی خوشی کپور کے ساتھ گئیں تھیں، ہوٹل میں رہائش کے دوران نہاتے وقت وہ باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوئی تھیں۔

سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ نے کبھی بھی کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا، تاہم 2012 میں دونوں نے ٹی وی اسکرین پر ڈانس ریئلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ کے پانچویں سیزن کے دوران ایک ساتھ رقص کرکے خوب تعریفیں بٹوری تھیں۔

’جھلک دکھلا جا‘ میں مادھوری ڈکشٹ نے جج کے فرائض سر انجام دیے تھے، جس میں سری دیوی اپنی فلم ’انگلش ونگلش‘ کی تشہیر کے لیے شامل ہوئیں تو دونوں نے ایک ساتھ ڈانس کرکے شائقین کو خوش کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں