کراچی بندرگاہ پر واقع ’ساؤتھ ایشین پاکستان ٹرمینل‘ کے قریب دو بحری جہازوں کی ٹکر کے نتیجے میں 10 سے زائد کنٹینر سمندر میں گر گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے متعلقہ حکام نے بتایا کہ کراچی بندرگاہ پر واقع ساؤتھ ایشین پاکستان ٹرمینل کے قریب برتھنگ کے دوران دو جہازوں کی آپس میں ٹکر ہوگئی۔

ٹکر کی وجہ سے ’ٹولٹن‘ نامی بحری جہاز سے 10 سے زائد کنٹینر سمندر میں گر گئے۔

واقعے کے باعث ٹرمینل پر جہازوں کی آمد و رفت کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی۔

کے پی ٹی کی امدادی ٹیموں نے کنٹینرز کو سمندر سے نکال لیا، جبکہ بحری جہازوں کی معمول کی آمد و رفت بھی بحال کر دی گئی۔

پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور جلد تفصیلی رپورٹ مرتب کر لی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں