رواں ماہ 10 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ممبئی کے نواحی شہر تھانے کی پولیس نے اداکار نوازالدین صدیقی کو اپنی بیوی انجلی عرف عالیہ صدیقی کی جاسوسی کرنے پر سمن جاری کردیا۔

پولیس نے نوازالدین صدیقی، ان کی بیوی اور ان کے وکیل رضوان صدیقی کو جاسوسی کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا تھا، تاہم اداکار پولیس تھانے پیش نہیں ہوئے۔

بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن پیش نہ ہونے پر 4 دن قبل تھانے کرائم برانچ پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے نوازالدین صدیقی کے وکیل کو گرفتار کرلیا تھا۔

4 دن قبل تھانے پولیس کمشنر نے اداکار نوازالدین صدیقی کو کیس سے کلیئر قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں صرف گواہ کے طور پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازالدین صدیقی پر بیوی کے فون ریکارڈ کی جاسوسی کا الزام

تاہم اب اس کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے اور بولی وڈ کی متعدد شخصیات کی جانب سے دوسروں کی جاسوسی کیے جانے کے انکشافات ہوئے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکار نوازالدین صدیقی سے ہونے والی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ‘کال ڈیٹیل ریکارڈ‘ (سی ڈی آر) کیس میں نامور اداکارہ کنگنا رناٹ اور اداکار جیکی شروف کی بیوی عائشہ شروف کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

کنگنا رناوٹ اور عائشہ شروف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پرانے مرد دوستوں کی جاسوسی کرائی۔

تاہم خبر سامنے آنے کے بعد کنگنا رناوٹ اور عائشہ شروف نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیاس آرائیاں کرنے سے بہتر ہے کہ پہلے اس کیس کی مکمل تحقیقات کا انتظار کیا جائے۔

کنگنا رناوٹ پر ہریتھک روشن کی جاسوسی کا الزام

—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

خبر کے مطابق اداکار نوازالدین صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی کے موبائل ڈیٹا سے پتہ چلا ہے کہ کنگنا رناٹ نے انہیں موبائل میسیج میں ہریتھک روشن کا نام اور نمبر بھیجا۔

پولیس کے مطابق کنگنا رناٹ کی جانب سے رضوان صدیقی کو بھیجے گئے میسیج سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے بھی ہریتھک روشن کے فون کے ڈیٹا کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کنگنا رناٹ نے ہریتھک روشن کی جاسوسی کی یا نہیں اور آیا انہوں نے اداکار کے موبائل کا ڈیٹا کا ریکارڈ حاصل کیا یا نہیں، تاہم ملزم رضوان صدیقی کے موبائل میں ان کا میسیج پایا گیا۔

مزید پڑھیں: ’ہریتھک شادی کا وعدہ کرکے مکر گئے‘ کنگنا رناوٹ

خیال کیا جا رہا ہے کہ کنگنا رناوٹ نے ہریتھک روشن کی جاسوسی کی ہوگی، کیوں کہ ان دونوں کے درمیان گہرے تعلقات قائم تھے اور دونوں کے درمیان کئی سال تک رومانس بھی رہا، بعد ازاں ان میں اختلافات پیدا ہوگئے۔

ادھر خبر سامنے آنے کے بعد کنگنا رناٹ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ قیاس آرائیاں کرنے سے قبل اس معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے۔

اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جب وہ کسی نوٹس کا جواب دیں گی تو وہ ان الزامات کے تمام ثبوت فراہم کریں گی، پہلے سے نتیجے اخذ کرنا قانون کی خلاف ورزی اور ایک اداکار کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

کنگنا رناوٹ کی بڑی بہن رنگولی نے بھی یہی بیان ٹوئیٹ کیا۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن کے درمیان 2009 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کے درمیان 2014 میں اخلافات ہوئے۔

دونوں نے ایک دوسرے پر مقدمات بھی درج کروائے، جب کہ ہریتھک روشن کی جانب سے اداکارہ کو بھیجی گئی فحش اور نازیبا ای میل بھی بعد ازاں لیک ہوئی تھیں۔

عائشہ شروف پر بھی ساتھی دوست اداکار کی جاسوسی کا الزام

عائشہ شروف اور ساحل خان کے تعلقات بھی قائم رہے—فوٹو: بولی وڈ لائف
عائشہ شروف اور ساحل خان کے تعلقات بھی قائم رہے—فوٹو: بولی وڈ لائف

معروف اداکار جیکی شروف کی اہلیہ اور ٹائیگر شروف کی والدہ 57 سالہ سابق اداکارہ و ماڈل عائشہ شروف پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے دوست مرد اداکار ساحل خان کی جاسوسی کی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نوازالدین صدیقی کے گرفتار وکیل نوازالدین صدیقی کے ڈیٹا سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ عائشہ شروف نے بھی دوست اداکار ساحل خان کی جاسوسی کی کوشش کی۔

عائشہ شروف پر الزام ہے کہ انہوں نے رضوان صدیقی کی مدد سے ساحل خان کے فون کے ڈیٹا کی ریکارڈنگ کرنے کی کوشش کی۔

عائشہ شروف اپنے شوہر کے ساتھ—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
عائشہ شروف اپنے شوہر کے ساتھ—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

یہ بھی پڑھیں: جاسوسی کیس میں نوازالدین صدیقی کا وکیل گرفتار

اطلاعات کے مطابق عائشہ شروف کا نام سامنے آنے کے بعد پولیس نے انہیں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سمن بھی جاری کردیا۔

تاہم عائشہ شروف نے ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسے کسی معاملے سے متعلق کچھ نہیں جانتیں۔

ذرائع کے مطابق عائشہ شروف اور ساحل خان کے درمیان 2009 تک گہرے تعلقات تھے، تاہم بعد ازاں ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔

خبر کے مطابق عائشہ شروف ماضی میں یہ دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ ساحل خان نے ان کے 8 کروڑ روپے ہڑپ کرلیے، جب کہ ساحل خان بھی اداکارہ پر پیسے خرچ کرنے کے دعوے کرتے رہے ہیں۔

نواز الدین صدیقی پر بیوی کی جاسوسی کا الزام

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

اس کیس میں سب سے پہلے 10 مارچ کو نوازالدین صدیقی پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی کی جاسوسی کی کوشش کی۔

تاہم 17 مارچ کو پولیس نے انہیں کلیئر قرار دیا تھا۔

کیس کا پس منظر

ممبئی کے نواحی شہر تھانے کی کرائم برانچ پولیس رواں برس جنوری سے ’کال ڈیٹیل ریکارڈ‘ (سی ڈی آر) کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ابتدائی طور پر پولیس کو پتہ چلا کہ نجی جاسوسوں، پولیس اور وکلاء پر مبنی ایک گروہ ہائی پروفائل شخصیات کے فون کا ڈیٹا ریکارڈ کرکے انہیں بلیک میل کر رہا ہے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جاسوسوں سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن کی نشاندہی پر سب سے پہلے 10 مارچ کو نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل رضوان صدیقی کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن بلایا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا تھا کہ نواز الدین صدیقی نے اپنی بیوی کی جاسوسی کی، تاہم بعد ازاں ان کی بیوی نے ایسے الزامات کو مسترد کردیا تھا، جب کہ پولیس نے بھی اداکار کو کلیئر قرار دیا تھا۔

بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن نہ پہنچنے پر پولیس نے 17 مارچ کو نوازالدین صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی کو گرفتار کیا تھا۔

رضوان صدیقی کے فون ڈیٹا سے ملنے والی معلومات کے بعد کنگنا رناوٹ اور عائشہ شروف کا نام سامنے آیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کیس میں مزید اعلیٰ شخصیات و بولی وڈ اسٹارز کے نام سامنے آ سکتے ہیں۔

نوازالدین صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی کو 16 مارچ کو گرفتار کیا گیا—فوٹو: دکن کیرونیکل
نوازالدین صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی کو 16 مارچ کو گرفتار کیا گیا—فوٹو: دکن کیرونیکل

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں