محض 18 برس کی عمر میں بنگالی فلم سے اداکاری کی شروعات کرنے والی رانی مکھرجی 40 سال کی ہوگئیں اور یوں انہیں شوبز میں بھی 22 سال مکمل ہوگئے۔

22 سال کے فلمی کیریئر میں 50 کے لگ بھگ فلموں میں اداکاری کرنے والی رانی مکھرجی کی آنے والی فلم ’ہچکی‘ ہے، جس کے لیے وہ ان دنوں تشہیر میں مصروف ہیں۔

ایک خوبرو اداکارہ سے میچوئر عورت اور پھر شادی شدہ خاتون کے بعد ماں بننے تک کا سفر طے کرنے والی رانی مکھرجی آنے والی فلم ’ہچکی‘ میں ایک استاد کے کردار میں نظر آئیں گی۔

سوشل میڈیا سے دور رہنے والی رانی مکھرجی نے اپنی 40 ویں سالگرہ پر فیس بک ڈیبیو کرنے کے بجائے ایک کھلا خظ لکھ کر اپنا پیغام اپنے مداحوں تک پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا رانی مکھرجی اسکرین پر واپسی کیلئے تیار ہیں؟

رانی مکھرجی کی جانب سے 40 ویں سالگرہ پر لکھے گئے خط کو ییش راج فلمز کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا، جس میں انہوں نے ایک عام خاتون، شادی شدہ عورت اور ایک ماں بننے کے بعد بھی کیریئر جاری رکھنے والی اداکارہ کے درد کو بیان کیا۔

رانی مکھرجی نے اپنے اس خط میں مستقبل میں بھی اسی طرح اداکاری کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم کیا، تاہم انہوں نے خط میں یہ بات بھی کہ ڈالی کہ ایک خاتون کا فلمی کیریئر انتہائی مختصر ہوتا ہے۔

—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

اپنے خط میں رانی مکھرجی نے لکھا کہ زندگی کے 40 سال گزارنا کافی اچھا تجربہ ثابت ہوا، ساتھ ہی فلمی کیریئر کے 22 سال کے تجربات بھی اچھے ثابت ہوئے، اس عرصے دوران انہیں بہت عزت اور پیار ملا جب کہ انہیں سماج میں تبدیلی لانے کے بھی اہم مواقع ملے۔

انہوں نے اپنے خط میں ان فلم سازوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ایک خاتون کی حیثیت میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع دیا، جس وجہ سے ان کی معاشرے میں ایک منفرد شناخت بنی۔

مزید پڑھیں: رانی مکھرجی کی ’ہچکی‘ کے ساتھ واپسی

ساتھ ہی رانی مکھرجی نے ایک اداکارہ ہونے کے بھیانک تجربات بھی شیئر کیے اور اعتراف کیا کہ ایک خاتون کا فلمی کیریئر مردوں کے مقابلے مختصر ہوتا ہے۔

—فوٹو: بولی وڈ لائف
—فوٹو: بولی وڈ لائف

رانی مکھرجی نے اعتراف کیا کہ ایک اداکارہ ہونے کی حیثیت میں خاتون کو ہر وقت خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے، جب کہ شادی کے بعد تو خواتین کے لیے فلمی کیریئر جاری رکھنا اور بھی مشکل ہوجاتا ہے اور شادی کے بعد تو یہ اور بھی مشکل بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے مرکزی کرداروں والی فلمیں خطروں سے بھری ہوتی ہیں، جب کہ انہیں باکس آفس میں پیسے بٹورنے کے لیے بھی اہم نہیں سمجھا جاتا۔

رانی نے 2014 میں شادی کی—فوٹو: دکن کیرونیکل
رانی نے 2014 میں شادی کی—فوٹو: دکن کیرونیکل

رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک شادی شدہ اور ماں بننے کے بعد بھی اپنے فلمی کیریئر کو جاری رکھتے ہوئے روایتی سوچ کو بدلنے کی کوشش کی ہے اور وہ اس حوالے سے مزید کوششیں کرتی رہیں گی۔

خیال رہے کہ رانی مکھرجی نے 4 سال قبل اپریل 2014 میں یورپی ملک اٹلی میں ایک نجی تقریب کے دوران فلم ساز ادیتیہ چوپڑا سے شادی کرلی تھی۔

رانی کے ہاں 2015 میں بیٹی پیدا ہوئی—اسکرین شاٹ یوٹیوب
رانی کے ہاں 2015 میں بیٹی پیدا ہوئی—اسکرین شاٹ یوٹیوب

ادیتیہ اور رانی مکھرجی کے درمیان کئی سال سےتعلقات قائم تھے، ان دونوں نے اپنی شادی کو کئی ماہ تک خفیہ رکھا۔

شادی کے محض ایک سال بعد دسمبر 2015 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، جس کا نام انہوں نے ’آدریا‘ رکھا۔

رانی مکھرجی نے بنگالی فلم سے 1996 میں کیریئر کی شروعات کی، ان کی آخری فلم 2014 میں ریلیز ہونے والی ’مردانی‘ تھی، اب 4 سال بعد ان کی فلم ’ہچکی‘ رواں ماہ 23 مارچ کو ریلیز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں