اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بیرونِ ملک فنڈنگ کیس کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر نے نئی فیکٹ فائنڈنگز کمیٹی تشکیل دینےکی ہدایت کرتے ہوئے فریقین کو نئی کمیٹی کے سامنے 3 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے نئی فیکٹ فائنڈنگز کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت کر دی جبکہ فریقین کو نئی کمیٹی کے سامنے 3 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

مذکورہ کیس میں پہلے تشکیل دی گئی کمیٹی کے 2 ارکان نے شامل ہونے سے معذرت کی تھی۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف 2013 کے عام انتخابات میں تیار نہیں تھی، عمران خان

سماعت کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس کیس کے درخواست گزار اور پی ٹی آئی کے سابق بانی رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کی کمیٹی تشکیل دی تاہم اب 2 نئے ممبران کی شمولیت کے بعد نئی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’ساڑھے 3 سال گزرگئے لیکن ہم اب بھی انصاف کے طلب گار ہیں، ہم نے پی ٹی آئی میں غیر قانونی طریقے سے پیسہ آنے کے ثبوت دیے ہیں‘۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں (مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی) بھاگ رہی ہیں اور عمران خان ان کو خواب میں بھی نظر آنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا اکبر ایس بابر کی تقریر جتنی لمبی ہوتی ہے اتنی اس کے لفافے کا سائز بڑھ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی فنڈنگ کیس: تحریک انصاف تحقیقاتی کمیشن کے قیام پر آمادہ

یاد رہے کہ اکبر ایس بابر نے ہی نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والی سماعت کے دوران درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے پی ٹی آئی کے تاخیری حربوں پر نقطہ اعتراض اٹھایا کہ ای سی پی کے پاس متعدد ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی نے بیرون ملک سے فنڈنگ جمع کی اور کمیشن کے سامنے پیش نہیں کی اس لیے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف پر غیر ملکی فنڈنگ کیس میں مزید تاخیری حربے استعمال کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

12 مارچ کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کیس میں 19 مارچ کو الیکشن کمیشن کے 2 نامزد ارکان نے پارٹی اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے لیے بنائی گئی 3 رکنی کمیٹی کے میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں