قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے شروع کی گئی حالیہ قتل و غارت پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی غیرمعمولی بربریت کودوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پراٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 20 واں اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جہاں وزیرخارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سمیت اعلیٰ سول اورعسکری قیادت شریک تھی۔

—فوٹو:اے پی پی
—فوٹو:اے پی پی

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری دہشت گردی کی مذمت کی گئی جس کے نتیجے میں 20 معصوم کشمیری جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے تھے۔

قومی سلامتی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسزنے مظاہرین اور جنازے میں شریک افراد کے خلاف غیرانسانی طور پر پیلٹ گنز کے ذریعے ایک مرتبہ پھر سیکڑوں معصوم کشمیریوں کو بینائی سےمحروم کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں:کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 17 نوجوان جاں بحق

کمیٹی نے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے پر کشمیری عوام کی غیرمعمولی جرات اور تحمل کوقابل تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت کے اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد نے بھارتی حکومت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو ایک مرتبہ پھر بےنقاب کردیا ہے۔

کشمیریوں کے ساتھ تعاون کے عزم کودہراتے ہوئے کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرکے عوام کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھےگا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارتی غیرمعمولی بربریت کے مسئلے کودوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پراٹھایا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے علاقائی اور سرحد کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں احتجاج،مظاہرین پر فائرنگ،آنسو گیس کا استعمال

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دو روز قبل بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کے دوران 13 نوجوانوں کو ہلاک کردیا گیا تھا جس کے بعد نماز جنازہ کے لیے ہونے والے اجتماع پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی تھی۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ پیلٹ گنز اور آنسو گیس کے استعمال کے باعث کئی افراد بینائی سےبھی محروم ہوگئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان کی جانب سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس حوالے سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں