• KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

سپریم کورٹ کا فیصلہ نواز شریف کی جیت کا اعتراف ہے، مریم نواز

شائع April 13, 2018 اپ ڈیٹ April 14, 2018
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سپریم کورٹ کی جانب سے 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کے فیصلے کے بعد ورکرز کنونشن میں خطاب کے دوران کہا ہے کہ تاحیات نااہلی کافیصلہ اس لیے آیا کہ نوازشریف کو انتخابات میں ہرایا نہیں جا سکتا۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو مائنس کیا جارہا ہے لیکن عوام میں ان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوایک نہیں بلکہ 4،4 بارنااہل کیا گیا ہے، مخالفین کوپتہ چل چکا ہے کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات جیتنے والی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے تاحیات نااہلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تاحیات نااہلی کافیصلہ اس لیے آیا کہ نوازشریف کو ہرایا نہیں جاسکتا، سازشوں اورمخالفت کے باوجود نوازشریف کو کوئی نہیں روک سکا اور انتخابات کے ذریعے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

انھوں نے کہا کہ مخالفین گزشتہ 30 برس سے نوازشریف کا راستہ روکنے کی کوشش کررہے ہیں اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں خود دیکھا ہے کہ لوگوں کی آنکھوں میں کپڑے ڈال کر لے جایا گیا اور مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز کے راستے کو روکا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف اور جہانگیر ترین تاحیات نااہل قرار

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ نوازشریف 22 کروڑ عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، ایک سال سے مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کی کوشش ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اورآصف زرداری مہرے ہیں اور دونوں نے ہاتھ ملا لیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جلاوطن کرنے اور ہتھکڑیاں لگانے والے آج کہاں ہیں، مشرف دور میں بھی نوازشریف کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں، 70برس سےعوام کے نمائندوں کے ساتھ یہی کچھ ہوتا آیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے سازشیوں کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا لیکن عدالتوں میں حاضری دی اور قانون کےسامنے سرجھکایا اور احتساب میں انتقام کو بےنقاب کردیا۔

مزید پڑھیں:سابق وزیراعظم نواز شریف کو نیب لاہور نے طلب کرلیا

سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ واجد ضیا نے میرے سامنے کہا کہ نوازشریف کےخلاف کوئی ثبوت نہیں اور انھوں نے خود بتایا کہ 40 نامعلوم افراد تحقیقات کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف کے بےگناہ ہونے کی گواہی واجد ضیا نے ہی دے دی، جے آئی ٹی کے خلاف اب عوام کی جے آئی ٹی بنے گی۔

اگلے انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 2018میں مسلم لیگ (ن) کو بارش کی طرح ووٹ پڑےگا اورعوام کے سیلاب کو روکا نہیں جا سکتا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025