بولی وڈ ہدایت کار نندیتا داس کی فلم ’منٹو‘ اپنی ریلیز سے قبل ہی دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔

فلم ’منٹو‘ نامور مصنف سعادت حسن منٹو کی زندگی پر مبنی فلم ہے، جسے رواں سال کانز فلم فیسٹیول میں 20 فلموں سے مقابلے کے لیے بھیجا جاچکا ہے۔

ہدایت کار نندیتا داس نے اپنی فلم ’منٹو‘ کے کانز میں منتخب ہونے کی خبر فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے شیئر کی۔

نندیتا نے لکھا کہ ’میں کانز میں ایک مرتبہ جیوری کا حصہ بنی جبکہ اس فیسٹیول کا حصہ کئی بار بنی، مجھے کہنا پڑے گا کہ فلموں سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ فیسٹیول جنت ہے، دیکھتے ہیں شائقین میری اس فلم کو کتنا پسند کرتے ہیں جس کا خیال گزشتہ 7 سالوں سے میرے ساتھ ہے‘۔

فلم ’منٹو‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے نوازالدین صدیقی نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم کے کانز میلے میں پہنچنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

اداکار نے لکھا کہ ’سعادت حسن منٹو گزر گئے لیکن منٹو آج بھی زندہ ہیں، سب کو یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ منٹو کو کانز 2018 کے میلے میں منتخب کرلیا گیا، نندیتا داس اور منٹو کی ٹیم کو مبارک ہو‘۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں ریلیز ہونے والی فلم ’منٹو‘ کی ریلیز تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا، البتہ اسے فلمی دنیا کی رنگا رنگ تقریب 'کانز فلم فیسٹیول' میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

71ویں سالانہ کانز فلم فیسٹیول رواں سال 8 مئی سے 19 مئی تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ سعادت حسن منٹو کی زندگی پر پاکستان میں بھی سرمد کھوسٹ نے فلم بنائی تھی، جسے دنیا بھر میں بےحد پسند کیا گیا۔

اس فلم کے ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے ’منٹو‘ کا مرکزی کردار بھی ادا کیا تھا، جبکہ ثانیہ سعید منٹو کی بیوی کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں، ان کے ہمراہ ماہرہ خان، صباء قمر، فیصل قریشی اور ہمایوں سعید نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں