اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ فروری 2018 کے اختتام تک ملک میں ’تھری جی‘ اور ’فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 5 کروڑ 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2018 کے اختتام تک ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 14 کروڑ 72 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی، جبکہ جنوری 2018 کے اختتام تک یہ تعداد 14 کروڑ 59 لاکھ سے زائد تھی۔

یوں ایک ماہ کے عرصے میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں 12 لاکھ سے زائد صارفین کا اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل آپریٹرز کو تھری، فور جی لائسنس جاری

فروری 2018 کے اختتام تک موبائل فون کمپنی ’جاز‘ کے ’تھری جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ تھی جبکہ ’فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فروری کے اختتام تک ’زونگ‘ کے ’تھری جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کمی سے 88 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ جنوری کے اختتام تک یہ تعداد 90 لاکھ سے زائد تھی۔

تاہم اس کے برعکس ایک ماہ میں زونگ ’فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں تقریباً 8 لاکھ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مزید پڑھیں: 2018 فائیو جی ٹیکنالوجی کی آمد کا سال

ٹیلی نار کے ’تھری جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد فروری کے اختتام تک ایک کروڑ سے زائد ریکارڈ کی گئی، اسی طرح ٹیلی نار ’فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس عرصے میں یو فون ’تھری جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں ایک لاکھ 40 ہزار کا اضافہ ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں