لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، جبکہ ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مظبوط رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انضام الحق کے بھانجے امام الحق کے ساتھ ساتھ فہیم اشرف، فخر زمان اور سعد علی کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ گزشتہ چند سالوں سے ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے فواد عالم ایک مرتبہ پھر قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ آئندہ برس کرکٹ ورلڈ کپ انگلینڈ میں ہی کھیلا جائے گا، اور اس حوالے سے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، سمیع اسلم، امام الحق، بابر اعظم، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، راحت علی، حسن علی، فہیم اشرف، سعد علی اور فخر زمان شامل ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں شامل یاسر شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا کیونکہ یاسر اور اوپنر شان مسعود انجری کا شکار ہیں جبکہ وہاب ریاض مستقل ناقص کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ کیے گئے۔

انضام الحق کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر حسن علی نے ون ڈے میں قومی ٹیم کا بوجھ اٹھایا ہوا تھا، تاہم یہ خیال ہے کہ وہ ٹیسٹ میچز میں ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کریں گے۔

وہاب ریاض کے حوالے سے سوال کے جواب میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں، تاہم پچھلے کچھ عرصے کے دوران توقعات کے مطابق معیار پر پورا نہیں اترے۔

یاسر شاہ کے حوالے سے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لیگ اسپنر کے ٹیم میں شامل نہ ہونے سے ٹیم کو نقصان ہوا ہے، گزشتہ دو سال میں انہوں نے پاکستا کے کسی اور باؤلر کے مقابلے میں سب سے زیادہ وکٹیں لیں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے رہے لیکن موجودہ ٹیم بھی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم مئی اور جون میں آئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کا دورہ کرے گی۔

ابتدا میں پاکستان ٹیم اپنے دورے کے دوران آئرلینڈ کی تاریخ کا پہلے ٹیسٹ میچ میں آئرش ٹیم سے مدِ مقابل ہوگی، اور بعدِ ازاں انگلینڈ سے 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں مدِ مقابل ہوگی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ 11 مئی سے آئرش دارالحکومت ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔

گرین شرٹس انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلا ٹیسٹ میچ میں لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں 24 مئی سے مدِ مقابل ہوں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ یکم جون سے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

بعدِ ازاں پاکستان ٹیم اسکاٹ لینڈ کا بھی دورہ کرے گی جہاں اسکاٹ لینڈ، ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں