فلم کو رواں برس 29 جون کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں برس 29 جون کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بالآخر بولی وڈ کے بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی جانے والی بائیوگرافی فلم ’سنجو‘ کا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا، جس کا شائقین کو کافی وقت سے انتظار تھا۔

فلم کے پہلے ٹیزر ٹریلر جاری کیے جانے سے یہ چہ مگوئیاں بھی ختم ہوگئیں کہ فلم کا نام کیا ہوگا۔

اب تک فلم کے نام کی بھی تصدیق نہیں کی گئی تھی، تاہم اب اسے ’سنجو‘ کا نام دے کر اس کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

قریبا ڈیڑھ منٹ کے ’سنجو‘ کے ٹیزر ٹریلر کو دیکھنے کے بعد ہرکوئی سنجے دت کو بھول جائے گا، کیوں کہ فلم میں رنبیر کپور حیرت انگیز طور پر بولی وڈ کے بابا کے دوسرے روپ کے طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ چہ مگوئیاں تو پہلے ہی کی جا رہی تھیں کہ ’سنجو‘ کے لیے رنبیر کپور نے حیرت انگیز طور پر اپنے جسم میں تبدیلی لاکر خود کو سنجے دت کے روپ میں ڈھالا ہے، تاہم اب اس کی تصدیق بھی ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور یا سنجے دت؟ پہچاننا بےحد مشکل

پہلے ٹیزر ٹریلر میں سنجے دت کے مختلف روپ دکھائے گئے اور تقریبا ہر روپ میں رنبیر کپور چاکلیٹی ہیرو کے بجائے ’سنجو‘ بابا کے طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔

—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

ٹیزر میں سنجے دت یعنی رنبیر کپور کو شائقین کو اپنی کہانی خود سناتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس دوران انہیں 5 سے 6 روپوں میں دکھایا گیا ہے۔

رنبیر کپور کو کھڑکی کے بغیر جیل کی کال کوٹھڑی سے لے کر کمرے سے بڑی کھڑکیاں رکھنے والے نیویارک کے ہوٹل اور جہازوں میں سفر کرنے سے بس کی ٹکٹ کے لیے بھیک مانگنے تک کا سفر طے کرنے والے سنجے دت کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کے مختصر ٹیزر ٹریلر کو چند ہی گھنٹوں میں 32 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا تھا۔

مزید پڑھیں: رنبیر کپور نے 13 کلو وزن بڑھا لیا، مگر کیوں؟

خیال رہے کہ اس فلم میں جہاں رنبیر کپور نے سنجے دت کا کردار ادا کیا ہے، وہیں دیا مرزا نے سنجے دت کی اہلیہ جب کہ منیشا کوئرالہ نے ان کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے۔

پاریش راول سنجے دت کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کی ہدایات راج کمار ہرانی نے دی ہیں، فلم کو ونود چوپڑا فلم اور فاکس اسٹوڈیوز کے اشتراک سے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کو رواں برس 29 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں