’اوینجر: انفنٹی وار‘ کے سپر ہیروز کا دنیا بھر میں راج

اپ ڈیٹ 06 مئ 2018
فلم کو 27 اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا—پرومو فوٹو
فلم کو 27 اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا—پرومو فوٹو

ہولی وڈ کے معروف مارول اسٹوڈیوز کے سینما یونیورس ہاؤس کی 19 ویں سائنس فکشن فلم ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن صرف امریکا میں 3 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالرز (پاکستانی 3 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد) کمائی کرکے کئی ریکارڈ توڑ دیے۔

’اوینجر: انفنٹی وار‘ کو گزشتہ روز 27 اپریل کو امریکا و پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک ساتھ ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم نے نہ صرف امریکا بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی ریکارڈ کمائی کرکے نئے ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

اس بات کا خیال پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نہ صرف کئی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب جائے گی، بلکہ وہ نئے اعزاز بھی اپنے نام کرے گی۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مارول اسٹوڈیوز اور سینما یونیورس ہاؤس کے بینر تلے گزشتہ 10 سال میں بننے والی تمام سپر ہیروز سائنس فکشن فلموں کے کرداروں یعنی ہیروز کو ایک ساتھ جمع کرکے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ورائٹی ڈاٹ کام کے مطابق ’اوینجر: انفنٹی وار‘ وار کو 4 ہزار 474 سینما گھروں کی زینت بنایا گیا اور فلم نے پہلے ہی دن 39 ملین یعنی 3 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالرز بٹورے۔

یہ بھی پڑھیں: ایوینجر: انفٹنی وار توقعات پر کتنی پوری اتر سکی؟

یہی نہیں اس فلم نے بھارت میں بھی ایک ہی دن میں 30 کروڑ روپے بٹور کر کئی بھارتی فلموں کے ریکارڈ بھی توڑ ڈٓالے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے 27 اپریل کو پہلے ہی دن بھارت بھر سے 30 کروڑ روپے کما کر کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ ’اوینجر: انفنٹی وار‘ میں معروف سپر ہیروز آئرن مین، بلیک پینتھر، کیپن امریکا، ڈاکٹر اسٹریج، اسپائیڈر مین، تھور، آنٹ مین اور ایوینجرز، گارڈینز آف دی گلیکسی اور مارول اسٹوڈیو کے دیگر تمام سپر ہیروز کو خطرناک ولن سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس فلم میں تمام سپر ہیروز اسی اسٹوڈیو کے طاقتور ولن ’تھینوس‘ کا مقابلہ کرتے نظر آتے ہیں، جو کہ مارول یونیورس کا ایسا ولن ہے جس کی آمد کا عندیہ 6 سال پہلے ریلیز ہونے والی پہلی ایوینجرز فلم میں دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: 18 فلموں کے تمام سپر ہیروز ایک جگہ اکھٹے

تھینوس نامی یہ کردارفلم میں 6 انفٹنی اسٹونز اکھٹا کرنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے رہا ہے، جو ایسے پتھر ہیں جنہیں متعدد مارول فلموں میں طاقت کے لیے اہم دکھایا جاچکا ہے۔

فلم میں تمام سپر ہیروز ایک ولن کو شکست دینے میں بھی مشکلات کا شکار نظر آتے ہیں۔

فلم کی ہدایات نتھونی روسو اور جو روسو نے دی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں