پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ باغوں کے شہر پشاور کو برباد کرنے پر افسوس ہوا ہے۔

مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ نیا پاکستان اور نیا خیبر پختونخوا (کے پی) بنانے کی باتیں کرنے والوں کی بڑی بڑی باتیں قصہ خوانی بن گئی ہیں اور باغوں کے شہر کو برباد کرنے پر افسوس ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دن رات دھرنے اور کام نہ کرنے والے عمران خان کہتے تھے کہ جنگلہ بس نہیں بناؤں گا لیکن آج پشاور میں 75 ارب روپے سے میٹرو بنا رہے ہیں، میٹرو منصوبہ تو مکمل ہوتا نظر نہیں آتا لیکن پورے شہر کو کھود کر برباد کر دیا گیا ہے۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے خیبرپختونخوا کا بلین ٹری نامی منصوبہ شروع کیا اور کہا کہ ایک ارب درخت لگا کر عالمی ریکارڈ بناؤں گا لیکن انھوں نے درخت نہیں لگائے بلکہ جھوٹ اورآنکھوں میں دھول جھونکنے کا ریکارڈ بنا لیا۔

انھوں نے کہا کہ زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا اور یوٹرن خان نے خیبرپختونخواکو اجاڑا۔

پی ٹی آئی کے 29 اپریل کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لاہور عمران خان کا شہر ہے، شہر آنا ہے شوق سے آؤ مگر خیبرپختونخوا کو کھا پی کر لاہور آتے ہو اس لیے وہاں کے عوام تمھارا استقبال نہیں کریں گے بلکہ ہمارے کام کا استقبال کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2014 میں دھرنا دیا جس کے نتیجے میں 7 مہینوں تک چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوا جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا اور مودی کو فائدہ پہنچایا گیا۔

کارکنوں سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ایک اور ایک 11 ہوتے ہیں، یہ زرداری اورعمران نیازی اپنے آپ کو ایک اور ایک 11 کہتے ہیں لیکن 2018 کے الیکشن میں اپنے ووٹ سے ان کو 9 دو 11 کرنا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ لوگ کیا نیا پاکستان بنائیں گے جنھوں نے مالم جبہ میں اپنے دوستوں کو زمینیں بانٹیں، اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ہم اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں