طبی معائنے کے بعد شکیل آفریدی صحت مند قرار
راولپنڈی: کالعدم عسکریت پسند گروہوں سے مبینہ تعلق کے الزام میں قید ڈاکٹر شکیل آفریدی کا طبی معائنہ کیا گیا، جس میں وہ مکمل طور پر تندرست پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کا طبی معائنہ کیا، جس میں ان کا ہر ٹیسٹ درست آیا اور انہیں مکمل طور پر تندرست قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں: شکیل آفریدی جیل سے ’محفوظ مقام‘ پر منتقل
طبی معائنے کے دوران قیدی ڈاکٹر شکیل آفریدی کی نبض، قد اور وزن کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر اور پیشاب کے نمونے بھی لیے گئے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو غداری کیس میں قید کی سزا ہوئی تھی اور انہیں پشاور جیل میں رکھا گیا تھا، تاہم انہیں جمعے کو خیبرپختونخوا سے سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 'امریکی دباؤ پر شکیل آفریدی کی رہائی کا امکان نہیں'
یاد رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے آپریشن میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد حراست میں لیا گیا تھا اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے القاعدہ کے سربراہ کی جگہ بتانے میں سی آئی اے کو مدد فراہم کی تھی۔
تاہم یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے یا انہیں کسی اور مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ خبر 30 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی











لائیو ٹی وی