پاکستان میں گرمی ہر گزرتے روز کے ساتھ بڑھ رہی ہے مگر ایک شہر نے تو زیادہ درجہ حرارت کا عالمی ریکارڈ بنا دیا ہے۔

جی ہاں صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ میں 30 اپریل کو 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور یہ اپریل کے مہینے میں دنیا میں کسی بھی جگہ ریکارڈ کیا جانے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق فرانس کے محکمہ موسمیات سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر ایٹیننی کاپیکیان نے ٹوئٹر پر اس بات کا انکشاف کیا۔

مزید پڑھیں : کئی ممالک میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر

انہوں نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ اپریل میں پہلی بار اتنا زیادہ درجہ حرارت پاکستانی شہر میں ریکارڈ کیا گیا۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے ایک ماہر کرسٹوفر برٹ نے تو ایک قدم آگے جاکر بتایا کہ یہ زمین پر جدید ریکارڈز کو دیکھتے ہوئے اب تک کا سب سے زیادہ مصدقہ درجہ حرارت ہے۔

اور یہ درجہ حرارت اتنا زیادہ ہے کہ پانی کو ہلکا ابالنے کے لیے کافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مشکوک ریکارڈ کو دیکھا جائے تو اپریل 2001 میں میکسیکو کے ایک شہر میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ویسے عالمی محکمہ موسمیات نے تو کبھی بھی موسمیاتی ریکارڈ کا ماہانہ تجزیہ نہیں کیا تو نوابشاہ کے اس 'ریکارڈ' کو عالمی ریکارڈ قرار دینا مشکل ہے تاہم، تاہم ماہرین کے مطابق اس حوالے سے کرسٹوفر برٹ کی رائے پر اعتماد کرنا چاہئے۔

نوابشاہ میں مسلسل دوسرے ماہ اس طرح کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

اس سے قبل مارچ کے آخر میں بھی نوابشاہ میں 45.5 سینٹی گریڈ کا نیا قومی ریکارڈ قائم ہوا تھا جبکہ ایشیاءکے دیگر مختلف ممالک میں بھی مارچ کے آخر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے کیا اقدامات کیے جائیں؟

اپریل میں شدید گرمی کی وجہ سے شمالی بحرہند میں ہیٹ ڈوم کی موجودگی ہے۔

فوٹو بشکریہ TropicalTidBits.com
فوٹو بشکریہ TropicalTidBits.com

نوابشاہ کا 'ریکارڈ درجہ حرارت' 2017 سے اب تک عالمی سطح پر موسموں میں آنے والی شدید تبدیلیوں کی لمبی فہرست میں نیا اضافہ ہے، جس میں گزشتہ سال موسم گرما میں اسپین اور ایران میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہونا شامل ہے۔

اس کے علاوہ مئی 2017 میں پاکستان کے ایک اور علاقے تربت میں درجہ حرارت 53.5 درجہ حرارت تک گیا اور اس طرح اس نے یہ پاکستان میں درج کیا جانے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت قرار پایا جبکہ مئی کے مہینے میں عالمی سطح پر ریکارڈ درجہ حرارت قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں