ہاروی وائنسٹن نے کیٹ بلینشٹ کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا

کیٹ بلینشٹ نے ہاروی وائنسٹن کی متعدد فلموں میں کام بھی کیا—فوٹو: ڈیڈ لائن
کیٹ بلینشٹ نے ہاروی وائنسٹن کی متعدد فلموں میں کام بھی کیا—فوٹو: ڈیڈ لائن

’سنڈریلا، رابن ہڈ، دی ہوبٹ، گرل رائیزنگ، مینیفیسٹو، تھور ریگنوریک، دی لارڈ آف رنگز، ایلزبیتھ اور دی مسنگ‘ سمیت 70 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہونے والی ہولی وڈ اداکارہ کیٹ بلینشٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھی جنسی طور پر ہراساں ہو چکی ہیں۔

48 سالہ کیٹ بلینشٹ نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں بھی 65 سالہ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن نے جنسی طور پر ہراساں کیا، جس وجہ سے انہیں تکلیف ہوئی۔

خیال رہے کہ ہاروی وائنسٹن پر کیٹ بلینشٹ سے قبل کم سے کم 100 خواتین و اداکاراؤں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ’ریپ‘ کرنے کا الزام عائد کر رکھا ہے۔

جن اداکاراؤں نے ان پر الزام لگایا ہے ان میں معروف اداکارہ سلمیٰ ہائیک اور ایشلے جڈ سمیت متعدد معروف اداکارائیں شامل ہیں۔

ہاروی وائنسٹن نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

ہاروی وائنسٹن پر گزشتہ برس اکتوبر میں الزامات سامنے آنے کے بعد نیویارک اور لندن پولیس نے ان کے خلاف الگ الگ تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، جن کہ آسکر اکیڈمی نے ان کی رکنیت بھی معطل کر رکھی ہے۔

—فوٹو: ورائٹی
—فوٹو: ورائٹی

گزشتہ ماہ ہی معروف اداکارہ ایشلے جڈ نے ان کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ان کا کیریئر برباد کرنے کا قانونی مقدمہ دائر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ پروڈیوسر پر اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

اب اداکارہ کیٹ بلینشٹ نے بھی ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں تکلیف پہنچانے والے پروڈیوسر کو جیل کی سزا ہوگی۔

فیشن و شوبز میگزین ’وروائٹی‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیٹ بلینشٹ نے اعتراف کیا کہ انہیں بھی ہاروی وائنسٹن فلمز کے سیٹ پر جنسی طور پر ہراساں کر چکے ہیں۔

کیٹ بلینشٹ نے ہاروی وائنسٹن کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پروڈیوسر نے انہیں فلمز کے سیٹ پر نامناسب اور بے ہودہ انداز میں چھوا تھا۔

مزید پڑھیں: ایشلے جڈ کا ہاروی وائنسٹن پر جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ

ساتھ ہی کیٹ بلینشٹ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کو اپنے حقوق کے لیے متحرک ہونا پڑے گا۔

—فوٹو: ورائٹی
—فوٹو: ورائٹی

2 بار آسکر ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں فلم انڈسٹری میں مرد و خواتین اداکاروں کو دیے جانے والے معاوضے میں فرق پر بھی بات کرتے ہوئے اسے خواتین کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمیٰ ہائیک بھی ہاروی وائنسٹن کے متاثرین میں سے ایک

کیٹ بلینشٹ نے کہا کہ خواتین ماضی کے مقابلے زیادہ متحرک ہوچکی ہیں اور اب یہ ممکن نہیں کہ وہ اپنی جدوجہد سے پیچھے ہٹیں۔

انہوں نے ’ٹائمز اپ‘ مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہاروی وائنسٹن اور اس جیسے دیگر افراد کو سزا ہونی چاہیے، ساتھ ہی ان پر جرمانہ بھی عائد ہو، جسے متاثرہ خواتین کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے۔

خیال رہے کہ کیٹ بلینشٹ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کی متعدد فلموں میں کام کر چکی ہیں، لیکن اب انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ان جیسے کسی بھی شخص کی فلم میں کام نہیں کریں گی۔

—فوٹو: شی دی پیپل
—فوٹو: شی دی پیپل

تبصرے (0) بند ہیں