سعودی عرب کی رمضان کا احترام نہ کرنیوالوں کو وارننگ
ریاض: سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ مسلمانوں کے ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران سرعام کھانے پینے، سگریٹ نوشی کرنے والے غیر مسلم تارکین وطن کو ملک سے نکال دیا جائے گا۔
سلطنت سعودیہ میں ماہ رمضان بدھ سے شروع ہورہا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے ایک بیان کے حوالے سے کہا کہ سلطنت میں رہنے والے غیر مسلموں کو چاہئے کہ وہ ماہ مقدس رمضان المبارک کے احترام میں سرعام کھانے پینے اور سگریٹ نوشی سے گریز کریں۔
وزارت نے کہا کہ جو غیر مسلم غیر ملکی سرعام روزہ خوری کے مرتکب پائے گئے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی جن میں ان کی ملازمت کے کنٹریکٹ ختم کرنا اور مملکت سے ان کو نکال دینا شامل ہے۔
بیان میں کمپنیوں کارپوریشنوں اور افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو ان قواعد سے آگاہ کردیں۔
تیل کی دولت سے مالامال سعودی عرب میں جہاں شریعت اسلامیہ کا سختی سے نفاذ کیا جاتا ہے 80 لاکھ غیر ملکی ہیں جن میں سے زیادہ تر ایشیائی ہیں۔
ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران مسلمان زیادہ متقی اور خیرات دینے والے بننے کیلئے طلوع سحر سے لے کر غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔
اس مہینے کا آغاز ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے سے ہوتا ہے جو کہ مختلف ممالک میں مختلف اوقات میں نظر آتا ہے۔
ماہ رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں پر یہ بھی لازم ہے کہ طلوع سحر سے غرب آفتاب تک مشروبات پینے، سگریٹ نوشی اور جنسی اختلاط سے گریز کریں۔
یہ مہینہ اسلامی تقویم کے پانچ مقدس مہینوں میں سے ایک ہے، مہینہ مسلمانوں کے لئے اس لئے مقدس ہے کیونکہ روایات کے مطابق یہ وہ مہینہ ہے جس میں پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ پر قرآن مجید نازل کیا گیا۔