9 سال بعد فیصلہ،اداکارہ میرا عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار

عدالت نے تکذیب نکاح کی درخواست پر 9 سال بعد فیصلہ سنایا —فائل فوٹو
عدالت نے تکذیب نکاح کی درخواست پر 9 سال بعد فیصلہ سنایا —فائل فوٹو

لاہور کی فیملی کورٹ نے سکینڈل کوئین اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمٰن کو ان کا شوہر قرار دے دیا۔

عدالت نے تکذیب نکاح کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے میرا کے نکاح نامے کو حقائق پر مبنی قرار دیا۔

واضح رہے کہ فیملی کورٹ نے اس کیس کا فیصلہ 9 سال بعد سنایا ہے۔

مزید پڑھیں: نکاح پر نکاح کیس: میرا کی ضمانت منظور

فیملی جج بابر ندیم نے میرا کی تکذیب نکاح کی درخواست پر سماعت کی، اس حوالے سے نکاح خواں احمد علی ساجد نے بھی اپنا بیان قلمبند کروایا۔

نکاح خواں نے بیان میں بتایا کہ عدالت میں جمع کیا گیا نکاح نامہ حقیقی ہے، انہوں نے میرا اور عتیق الرحمٰن کا نکاح گواہان کی موجودگی میں پڑھایا تھا۔

خیال رہے کہ عتیق الرحمٰن نے کئی سال قبل میرا کے خاوند ہونے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر گزشتہ کئی سال سے دونوں کے درمیان مختلف عدالتوں میں مقدمات بھی زیر سماعت رہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اس ہی حوالے سے ادکارہ میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چلینج کیا تھا۔

خیال رہے کہ عتیق الرحمٰن نے اداکارہ کے خلاف نکاح پر نکاح کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، ان کا موقف تھا کہ میرا نے ان کے نکاح میں ہونے کے باوجود کپتان نوید کے ساتھ شادی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں