• KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C

بچے کی مرضی کے بغیر اسے گلے لگانے پر جیکولین پر تنقید

شائع May 30, 2018

بولی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کو ایک بچے کو زبردستی گلے لگانے کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اداکارہ حال ہی میں ڈانس شو ڈانس دیوانے میں اپنی فلم ’ریس 3‘ کے ساتھی اداکار سلمان خان اور انیل کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔

اس شو کی ایک ویڈیو بھی اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس پر انہوں نے لکھا کہ ’عام طور پر بچے مجھے پسند کرتے ہیں لیکن ہہ بچہ انوکھا تھا، کم از کم آخر میں، میں نے اسے گلے تو لگا لیا‘۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جیکولین کو شو پر موجود ایک بچے کی پرفارمنس پسند آئی جس کے بعد انہوں نے اسے گلے لگانے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم اس بچے نے جیکولین کو اسے گلے لگانے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا جیکولین کو گلے لگانے کا دل نہیں کررہا۔

اس کے بعد اداکار سلمان خان مزاحیہ انداز میں جیکولین فرنینڈ کو اسٹیج تک لے کر گئے جہاں انہوں نے زبردستی بچے کو گلے لگا لیا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد سے جیکولین کے مداح ان پر شدید تنقید کررہے ہیں۔

ویڈیو پر کمنٹ کرنے والے ایک مداح نے جیکولین فرنینڈز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، جبکہ ایک اور کے مطابق ان کے لیے یہ ویڈیو پریشان کن ہے۔

ایک مداح نے جیکولین سے سوال کیا کہ کیا انہیں انکار کرنے کا مطلب معلوم نہیں؟

جبکہ کئی نے ان پر یہ بھی تنقید کی کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے اور لوگوں کی مرضی کو اہمیت دینے پر بیانات نہ دیا کریں جب انہیں خود کسی کی مرضی کو اہمیت دینی نہیں آتی۔

بہت سے صارفین نے جیکولین کے ساتھ ساتھ سلمان خان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو ایسا کرنے پر شرم آنی چاہیے۔

خیال رہے کہ سلمان خان اور جیکولین فرنینڈز اس وقت اپنی فلم ’ریس 3‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو رواں سال عیدالفطر پر ریلیز ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025