چینی کمپنی شیاؤمی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون می 8 متعارف کرا دیا ہے اور یہ دیکھنے اور فیچرز کے لحاظ سے بالکل ایپل کے آئی فون ایکس (10) جیسا ہے۔

شیاﺅمی کی 8 ویں سالگرہ کے موقع پر می 8 کو بیجنگ میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا گیا اور اس میں آئی فون ایکس جیسا نوچ ڈیزائن اور ورٹیکل رئیر کیمرہ سیٹ دیکھنے میں آیا، جبکہ اس میں انفراریڈ کیمرے فیس ان لاک کے لیے نوچ میں دیئے گئے ہیں، یہ وہ فیچر ہے جو آئی فون ایکس میں ہی دستیاب ہے۔

یہ فون شیاﺅمی کے اپنے آپریٹنگ سسٹم ایم آئی یو آئی 10 اور اینڈرائیڈ کے امتزاج پر کام کرے گا (اینڈرائیڈ کا ورژن نہیں بتایا گیا مگر یہ اوریو ہی ہوسکتا ہے)۔

مزید پڑھیں : شیاؤمی کا نیا فلیگ شپ فون رواں ماہ سامنے آئے گا

آئی فون ایکس کی مشابہت سے ہٹ کر اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا گیا ہے۔

اس کا 6.21 انچ کا ڈسپلے امولیڈ اسکرین پر مشتمل ہے جبکہ یہ دنیا کا پہلا فون ہے جس میں ڈوئل فریکوئنسی جی پی ایس کو اپنایا گیا ہے تاکہ زیادہ بہتر نیوی گیشن میں مدد مل سکے۔

اس میں 12، بارہ میگا پکسل کے 2 کیمرے بیک پر دیئے گئے ہیں اور کمپنی کے مطابق یہ معیار کے لحاظ سے بہترین ہیں جن کو ریٹنگ کمپنی ڈی ایکس او مارک نے 105 فوٹو اسکور دیا ہے۔

اس کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل کیمرہ ہے جس میں پکسل بننگ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے تاکہ انتہائی کم روشنی میں بھی بہترین سلیفی لی جاسکے۔

کمپنی نے اس کے ساتھ ایک 'چھوٹا' می 8 ایس ای بھی متعارف کرایا جس میں 5.88 انچ کا امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے اور یہ پہلا فون ہے جو کہ کوالکوم کے نئے اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر سے لیس ہوگا۔

شیاؤمی می 8 ایس ای— فوٹو بشکریہ شیاؤمی
شیاؤمی می 8 ایس ای— فوٹو بشکریہ شیاؤمی

اور اگر آپ کو شیاﺅمی می 8 سے بھی اچھے فون کی تلاش ہے تو زیادہ دور مت جائیں، می 8 ایکسپلورر ایڈیشن اس کمپنی کا سب سے زیادہ دیدہ زیب فون ہے جس میں ٹرانسپیرنٹ گلاس پینل دیا گیا ہے جو آپ کو فون کے اندر جھانکنے کا موقع دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیاؤمی کا آئی فون سے بھی پتلا ٹیلیویژن

اس کے علاوہ یہ پہلا اینڈرائیڈ فون ہے جس میں تھری ڈی فیس ان لاک کا فیچر دیا گیا ہے جس کے لیے لائٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، اس طریقہ کار کو ابھی صرف ایپل کے فیس آئی ڈی اور انٹیل کے رئیل سنس میں ہی استعمال کیا جارہا ہے۔

شیاؤمی می 8 ایکسپلورر— فوٹو بشکریہ شیاؤمی
شیاؤمی می 8 ایکسپلورر— فوٹو بشکریہ شیاؤمی

کمپنی کے مطابق اس فون میں فنگرپرنٹ اسکینر زیادہ تیزی سے فون کو ان لاک کرتا ہے۔

شیاﺅمی می 8 اور می ایٹ ایس ی جون کے پہلے ہفتے میں چین میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ ایکسپلور ایڈیشن کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

می ایٹ کی قیمت 2 ہزار 699 چینی یوآن (48 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی، جبکہ می ایٹ ایس ای کی قیمت 1 ہزار 799 یوآن (32 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

اس کا ایکسپلورر ایڈیشن زیادہ مہنگا یعنی 3 ہزار 699 یوآن (66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں پڑے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں