پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے مبینہ طور پر من پسند امیدواروں کو عام انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے پر کراچی میں پارٹی کے مرکزی دفتر انصاف ہاوس میں احتجاج کیا اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔

پی ٹی آئی کے کارکنان نے انصاف ہاؤس میں پارلیمانی کمیٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور پارلیمانی بورڈ نامنظور، ’ گو عارف علوی گو‘ کی چاکنگ بھی کی۔

مبینہ طور پر من پسند افراد کو پارٹی ٹکٹ دینے پر پی ٹی آئی کارکنان نے صوبائی قیادت کے خلاف بھی احتجاج کیا اور انصاف ہاؤس کے شیشے توڑ دیے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان نے انصاف ہاوس میں 'امیدواروں کی نشست پر قبضہ کرنے والے کراچی صدر نامنظور' کے نعرے بھی درج کیے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے دو روز قبل کراچی سمیت سندھ کے متعدد حلقوں کے لیے امیدواروں کو نامزد کردیا تھا جن میں عارف علوی، شاہ محمود قریشی، علی زیدی اور حلیم عادل شیخ شامل تھے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی تجویز پر 25 جولائی کو عام انتخابات کا اعلان کردیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے شیڈول بھی جاری کر دیا ہے تاہم لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے نامزدگی فارم کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد شیڈول متاثر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نگراں وزیراعظم کی کاغذات نامزدگی پر فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہدایت

لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے صحافی حبیب اکرم کی درخواست پر 2018 کے انتخابات کے لیے نامزدگی فارم میں پارلیمنٹ کی جانب سے کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پرانے فارم کو بحال کردیا تھا۔

عدالت کے فیصلے کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی روکنے کا حکم جاری کردیا تھا جبکہ ہنگامی اجلاس کے بعد اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے کاغذات نامزدگی کالعدم قرار دینے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں