پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے نگراں وزر اعلیٰ کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے نام اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بجھوا دئیے۔

پارلیمانی کمیٹی میں میاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔

میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کے نام عمران خان سے مشاورت کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بجھوائے ہیں۔

مزید پڑھیں: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے اوریا مقبول جان کا نام تجویز کیے جانے کی متضاد اطلاعات

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام اسپیکر اسمبلی کو بھجوادیے گئے ہیں جن میں رانا ثناءاللہ، ملک احمد خان اور خواجہ عمران نذیر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر محمود الرشید اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مل کر ناصر کھوسہ کا نام تجویز کیا تھا لیکن 2 روز بعد ہی پی ٹی آئی نے اپنا تجویز کردہ نام واپس لے لیا تھا۔

بعد ازاں ناصر کھوسہ نے بھی خود نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب بننے سے معذرت کرلی تھی اور کہا تھا کہ میری نامزدگی واپس لے کر مجھے میڈیا پر متنازع بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق

انہوں نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 10 روز قبل مجھے فون کیا تھا اور کہا تھا کہ آپ کا نام نگراں وزیر اعلٰی پنجاب کے طور پر دے رہے ہیں۔

ناصر کھوسہ نے کہا تھا کہ عمران خان نے مجھے یہ کہا تھا کہ آپ ایماندار اور قابل اعتبار شخص ہیں اس لیے آپ کا نام تجویز کیا گیا لیکن اب وہی پی ٹی آئی مجھ پر الزامات لگا رہی ہے، میں اس قسم کے معاملات میں نہیں پڑنا چاہتا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں