مظفرآباد: آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتےہوئے مارٹر شیل فائر کئے جس کے نتیجے میں ایک شخص اور ایک خاتون زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر علی اصغر کے مطابق کھوئیرٹا تحصیل کے گاؤں جنجوٹ بہادر میں حمزہ صدیقی نامی شخص اور سویرا خاتون مارٹر شیل کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت ڈی جی ایم اوز کا جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر اتفاق

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال ایک مارٹر گولہ فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے مایبن گزشتہ ماہ 29 مئی کو سرحد کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سمجھوتہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاک بھارت ورکنگ باؤنڈری پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے کی ضمانت دی گئی تھی۔

اس کے ساتھ دونوں اعلیٰ افسران نے اس بات پر بھی رضامندی کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان 2003 کے سیز فائر کے معاہدے پر فوری طور پرعمل درآمد کیا جائے گا، اور آج کے بعد سرحد کے اطراف جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری سے بچی، خاتون جاں بحق

تاہم سمجھوتے کے محض 72 گھنٹوں بعد ہی بھاررت کی جانب سے یکم جون کو اسنائپر سے گولی فائر کی گئی جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ میں ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

اس کے 2 دن بعد ہی سیالکوٹ ضلع میں بھارتی فوج کی جانب سے بھاری شیلنگ کی گئی جس سے ایک بزرگ خاتون اور ایک بچی جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 9 جون 2018 کو شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں