• KHI: Cloudy 20.6°C
  • LHR: Fog 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Cloudy 20.6°C
  • LHR: Fog 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

جنوبی وزیرستان میں جلسوں پر پابندی عائد

شائع June 10, 2018

جنوبی وزیرستان کے ضلعی مجسٹریٹ نے قبائلی علاقے میں ایک ماہ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسے جلوس اور ریلی نکالنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہیل خان کی جانب سے 9 جون کو جاری ہونے والے حکم نامے جس کی کاپی ڈان نیوز کو موصول ہوئی میں لکھا تھا کہ ’چند ریاست مخالف عناصر کی جانب سے علاقے میں جلسہ کرنے کی اطلاعات پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے‘۔

نوٹیفیکیشن میں بغیر کسی کا نام لیے کہا گیا تھا کہ ’چند عناصر کی جانب سے جلسے کے دوران متنازع، تعصبانہ، ریاست کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کی وجہ سے جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے‘۔

مزید پڑھیں: پی ٹی ایم رہنما کے شمالی وزیرستان داخلے پر پابندی

اس میں مزید کہا گیا کہ کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 اس طرح کے جلسے جلوس کو روکنے کے ذرائع فراہم کرتی ہے۔

مجسٹریٹ نے تمام منعقدہ تقاریب اور ریلیوں کو ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط کرتے ہوئے احکامات کا فوری اطلاق کردیا۔

حکم نامے میں خبر دار کیا گیا تھا کہ کوئی بھی شخص یا گروہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے پاکستان پینل کوڈ کے دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج اور پشتون تحفظ موومنٹ کے درمیان خلیج بڑھنے لگی

واضح رہے کہ یہ اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب شمالی وزیرستان کی انتظامیہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما پر عوامی امن کے مخالف کام کرنے پر علاقے میں داخلے پر 3 ماہ کی پابندی عائد کردی تھی۔

مقامی پولیٹیکل ایجنٹ نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ محسن داوڑ امن کے لیے قانون سے بالاتر کام کر رہے ہیں اور اپنی تقریروں کے ذریعے عوام میں ریاست مخالف جذبات پیدا کر رہے ہیں۔

محسن داوڑ کے خلاف احکامات 7 جون کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کے سیکشن 5 کے تحت جاری کیا گیا تھا۔

ان احکامات کے بعد محسن داوڑ کے شمالی وزیرستان میں 3 ماہ تک داخلے پر پابندی کا فوری اطلاق ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025