قیام پاکستان کے 70 سال بعد اقلیتی نشست کے لیے کسی ’کالاش‘ باشندے کو بطور امیدوار نامزد کردیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے معروف سماجی اور سیاسی نوجوان وزیر زادہ کالاش کو صوبائی اقلیتی نشست کے لیے دوسرے نمبر پر نامزد کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی طرف سے وزیر زادہ کالاش کو نامزد کرنے پر کالاش اور مسلم برادری دونوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر زادہ ایک باصلاحیت اقلیتی نوجوان ہیں، جنہوں نے مسلم اور کالاش برادری کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور علاقے میں سماجی ترقی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے انہیں نامزد کر کے کالاش کمیونٹی کے دل جیت لیے ہیں اور اقلیتی برادری بھی تحریک انصاف کا یہ احسان نہیں بھولے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کالاش اپنی پہچان کے تحفظ کیلئے کوشاں

عوامی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صوبے میں تحریک انصاف بڑی تعداد میں سیٹیں حاصل کرے گی، جس کے نتیجے میں وزیر زادہ کالاش پارٹی کی صوبائی اقلیتی نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور چترال کی آبادی کی کمی کے باعث ایک سیٹ کے خاتمے پر چترال کے لوگوں میں جو احساس محرومی پیدا ہوگئی ہے، یہ اقلیتی نشست چترال کو ملنے کی صورت میں کسی حد تک اُس محرومی کا ازالہ ہوگا۔

وزیر زادہ کالاش کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے محروم طبقات کو آگے لانے کی ہمیشہ کوشش کی ہے، جس میں اقلیتوں کی نمایندگی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

rizwan Jun 14, 2018 05:19am
very good one, we have seen on reserve seats merit is violated,, and the deserving candidates are neglected, this is another good step from PTI<