کون بنے گا رومانٹک ولن؟ سدھارتھ ملہوترا یا ادیتیا کپور

ایک ولن 2014 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
ایک ولن 2014 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

اطلاعات ہیں کہ 2014 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک تھرلر فلم ’ایک ولن‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں تیز کردی گئیں۔

یہ اطلاعات پہلے ہی تھیں کہ فلم کی ٹیم یعنی پروڈیوسر ایکتا کپور سپر ہٹ فلم ’ایک ولن‘ کا سیکوئل بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں اور اس بار رومانٹک ولن سدھارتھ ملہوترا کے بجائے ادیتیا رائے کپور بنیں گے۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ ’ایک ولن‘ کے سیکوئل میں بھی سدھارتھ ملہوترا ہی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، یعنی وہی رومانٹک ولن بنیں گے۔

ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق ایکتا کپور کی پروڈکشن کمپنی بالاجی موشن پکچرز سے وابستہ افراد نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’ایک ولن‘ کے سیکوئل پر کام شروع کردیا گیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق ’ایک ولن 2‘ میں ایک بار پھر سدھارتھ ملہوترا کو ہی مرکزی کردار میں کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ادیتیا رائے کپور رومانٹک ولن بنیں گے؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کی دیگر کاسٹ تبدیل کی جائے گی، دوسری فلم میں مرکزی اداکارہ اور منفی کردار نبھانے والا اداکار بھی نیا کاسٹ کیا جائے گا۔

ابھی یہ کہنا بھی قبل از وقت ہے کہ دوسری فلم کی ہدایات کون دے گا، تاہم امکان ہے کہ اس بار بھی فلم کی ہدایات موہت سوری ہی دیں گے، جنہوں نے پہلی فلم کی ہدایات دی تھی۔

رتیش دیش مکھ منفی کردار میں ںظر آئے تھے—اسکرین شاٹ
رتیش دیش مکھ منفی کردار میں ںظر آئے تھے—اسکرین شاٹ

اس بار فلم میں شردھا کپور کی جگہ نئی ہیروئن کو کاسٹ کیا جائے گا، اس حوالے سے چہ مگوئیاں ہیں کہ ممکنہ طور پر پرینیتی چوپڑا یا کریٹی سونن کو کاسٹ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ایک ولن - 'خواتین ہوشیار رہیں

ذرائع کے مطابق اس وقت فلم کا اسکرپٹ لکھنے کا کام جاری ہے، جس کی تکمیل کے بعد فلم کی کاسٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم میں سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ شردھا کپور, کمال راشد خان اور آمنہ شریف اور رتیش دیش مکھ نظر آئے تھے۔

فلم میں سدھارتھ ملہوترا نے ولن کا کردار ادا کیا تھا، جو بعد ازاں پیار ہونے کے بعد اچھے انسان بن جاتے ہیں۔

رتیش دیش مکھ فلم میں منفی انداز میں نظر آئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں