نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نگراں وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری نے الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی جس کے مطابق وزیراعظم کی پاکستان میں 14 جائیدادیں جبکہ اہلیہ کے نام پر بیرون ملک بھی جائیدادیں ہیں۔

الیکشن کمیشن میں جمع اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم ناصر الملک کے نام پر پاکستان میں 14 جائیدایں ہیں جن میں سوات میں 8 مقامات پر زمین اور پشاور کی اراضی والد کی جانب سے تحفہ ظاہر کی گئی ہے۔

نگراں وزیراعظم کی ملکیت میں اسلام آباد میں 1 کینال کا رہائشی پلاٹ ڈی 12میں، ایک کینال کا پلاٹ جی 14 میں، بحریہ انکلیو اسلام آباد میں دو کینال کے پلاٹ کی قیمت 1 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے۔

دستاویزات کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو میں اپارٹمنٹ کی قیمت 2 کروڑ 20 لاکھ ہے جبکہ اہلیہ کے نام بیرون ملک جائیداد سنگا پور اور لندن میں ہے۔

جسٹس(ر) ناصرالملک کی اہلیہ کی لندن جائیداد کی مالیت 2 لاکھ 72 ہزار پاونڈ سے زائد ہے، سنگاپور میں موجود جائیداد میں نصف حصہ اور لندن جائیداد میں ایک تہائی حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق نگراں وزیراعظم نے اہلیہ کے نام سے7 لاکھ 22 ہزار امریکی ڈالرکی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے جبکہ ان کی زیرملکیت ہونڈا سوک 2012 ماڈل کی کار کی مالیت10لاکھ روپے ہے۔

نگراں وزیراعظم نے اپنے اثاثوں کی تفصیل میں 31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر، 4 مختلف بینکوں کے اکاونٹ میں 10 کروڑ 25 لاکھ سے زائد رقم کی موجودگی ظاہر کی ہے۔

الیکشن کمیشن میں جمع دستاویزات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے پاس 70 لاکھ روپے مالیت کا ایک گھر ہے۔

حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے نقد اور پرائز بانڈز ہیں۔

دستاویزات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس ایک کروڑ کا بینک بیلنس ہے اور وہ دو کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ نگراں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے اراکین کی جانب سے حلف اٹھانے کے ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئی ہیں جبکہ اس حوالے سے یاد دہانی بھی کروائی جاچکی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jun 19, 2018 07:23pm
نگراں وزیر اعظم تو بہت امیر نکلا۔