اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نگراں وزیراعظم ناصرالملک کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے شفاف الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان نےاپنے خط میں لکھا ہے کہ ریاستی ڈھانچے میں 3 بڑی خامیوں کے باعث انتخابات کا شفاف انعقاد غیر یقینی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں گورنر کا مالی امور پر اختیار شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ہے۔گورنر خیبر پختونخواہ قبائلی علاقوں کے سیاسی امور میں مداخلت کر رہے ہیں۔

عمران خان نے خط میں مزید کہا ہے کہ وفاقی حکومت میں مسلم لیگ ن کے تعینات کردہ بیوروکریٹس بھی شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔سندھ اور پنجاب میں ضلعی انتظامیہ بھی شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے نگراں وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کا شفاف انعقاد یقینی بنانے کے لیے دونوں صوبوں میں ضلعی انتظامیہ تبدیل کی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے نگراں وزیراعظم کو ملک میں بجلی کی صورتحال کے حوالے سے بھی ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے بجلی کی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا

چیئرمین پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعظم کے نام اپنے خط میں کہا تھا کہ ہیٹ ویو کے ساتھ ملک میں بجلی اور پانی کا بحران ہے۔ قوم کو بتایا جائے کہ پاور سیکٹر میں ناکامی کا ذمے دار کون ہے؟ عمران خان نے استفسار کیا تھا کہ 500 ارب کے گردشی قرضوں سے متعلق درست صورتحال بتائی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں