’امید ہے 2020 تک کسی فلم کی ہدایات دوں‘

بولی وڈ اداکارہ سونم کپور —۔
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور —۔

بولی وڈ اداکارائیں اداکاری کے علاوہ اب اپنے کیریئر میں اور بھی بہت سی فیلڈز میں کام کررہی ہیں۔

جیسے پریانکا چوپڑا اور انوشکا شرما فلموں کی پروڈکشن کررہی ہیں، دپیکا پڈوکون اداکاری کے ساتھ ساتھ ملبوسات ڈیزائن کررہی ہیں اور اب سونم کپور کو امید ہے کہ وہ اداکاری کے ساتھ جلد کسی فلم کی ہدایت کاری کریں گی۔

سونم کپور نے دراصل اپنے کیریئر کا آغاز اداکاری سے نہیں بلکہ اسکرین کے پیچھے کام کرنے سے ہی کیا تھا، وہ ہدایت کار اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کی فلموں میں اسسٹنٹ ڈائیریکٹر رہ چکی ہیں۔

جس کے بعد انہوں نے 2007 میں سنجے لیلا کی فلم ’سانوریا‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا۔

فلم سانوریا —۔
فلم سانوریا —۔

فلموں کی ہدایات کے حوالے سے سونم کپور نے بتایا کہ ’مجھے چند اسکرپٹس ملے ہیں، جو کہ مکمل ہیں، امید ہے آنے والے سالوں میں فلموں کی ہدایات دوں‘۔

سونم نے مزید کہا کہ ’2018 بھی گزر رہا ہے، اس لیے مجھے امید ہے میں 2020 تک کسی فلم کی ڈائیریکشن کروں گی، میں اداکاری بھی کرتی رہوں گی، لیکن اس فلم میں نہیں جس کو میں خود ڈائیریکٹ کروں‘۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ بولی وڈ کے کئی نامور ہدایت کاروں نے ان کے کام کو سراہا اور انہیں فلموں کی ہدایات دینے کا مشورہ دیا۔

سونم کپور نے بتایا کہ ’چاہے سنجے لیلا بھنسالی ہوں، آنند ایل رائے ہوں، آر بالکی ہوں یا رام مادھون، جس جس ہدایت کار کے ساتھ میں نے کام کیا ہے، ان سب نے مجھ سے کہا کہ میں فلم ڈائیریکٹ کروں، لیکن ابھی ایسا نہیں ہوپائے گا، کیوں کہ میں کام کر کر کے بہت تھک چکی ہوں، مجھے فلموں کی ہدایات دینے کے لیے کچھ وقت کی ضرورت ہوگی‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں