سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 کی قیمت کیا ہوگی؟

29 جون 2018
نوٹ 9 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
نوٹ 9 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 ویسے تو 9 اگست کو متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے تمام تر فیچرز اور قیمت پر مشتمل ریویو ابھی ہی سامنے آگیا ہے۔

ایلڈر مورٹینز روسی بلاگر ہیں جنہیں ماضی میں متعدد بار سام سنگ کے فونز کو استعمال کرنے کا موقع ریلیز سے پہلے ملا، جس کی وجہ سے انہیں جنوبی کورین کمپنی کی ڈیوائسز کے لیے انتہائی قابل اعتبار مانا جاتا ہے۔

انہیں گلیکسی نوٹ 9 کو استعمال کرنے کا موقع ملا اور اب ریویو میں تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

ریویو کے مطابق پراسیسر کے لحاظ سے نوٹ نائن 2 ورژن میں سامنے آئے گا جیسے عام طور پر سام سنگ کے فلیگ شپ فونز میں ہوتا ہی ہے، کچھ مارکیٹوں کے لیے کوالکوم اسنیپ ڈراگون جبکہ دیگر کے لیے کمپنی کا اپنا ایکسینوس پراسیسر۔

گلیکسی نوٹ 9 کا بیسک ماڈل سکس جی بی ریم اور 128 جی بی کے ساتھ ہوگا، مگر اس کے ساتھ ساتھ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج، 8 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والے ورژن بھی ہوں گے۔

اس طرح یہ سام سنگ کا 8 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا پہلا فون بھی ثابت ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ تمام ورژن میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ موجود ہوگی۔

جہاں تک کیمرہ سسٹم کی بات ہے تو یہ کافی حد تک گلیکسی ایس 9 پلس جیسا ہوگا، یعنی ایک لینس 2 آپرچرز کے ساتھ ہوگا، کم روشنی میں فوٹوگرافی کی صلاحیت پہلے سے بہتر کی جائے گی جبکہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

فون کے اے آر ایموجی فیچر کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔

اسی طرح بیٹری بھی پہلے سے زیادہ بہتر یعنی 4000 ایم اے ایچ کی ہوگی جو کہ 2 دن سے زیادہ کام کرسکے گی جبکہ لگاتار 25 گھنٹے تک فل برائٹنس کے ساتھ ویڈیو چلائی جاسکے گی، خیال رہے کہ نوٹ 8 میں 3300 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 پہلے سے بہتر کیسے ہوگا؟

گلیکسی نوٹ 9 میں نیا ایس پین اسٹائلوس بھی دیا جارہا ہے جس میں بلیوٹوتھ سپورٹ ہوگی۔

یہ فون 6.4 انچ کے خم کھائے ہوئے انفٹنی ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جس میں 18:5:9 اسپیکٹ ریشو دیا گیا ہے جیسا گزشتہ سال کے نوٹ 8 میں دیکھا گیا تھا۔

اس فون میں فنگر پرنٹ سنسر کے ساتھ فیس اور آئی آر آئی اسکینر بھی ڈیوائس کو ان لاک کرنے کے لیے بدستور موجود ہوگا۔

اس رپورٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس فون کے حوالے سے سامنے آنے والی لیکس میں جو فیچر بیان کیے گئے تھے وہ حقیقت سے قریب تھے۔

ریویو میں اس فون کی قیمت بھی بتائی گئی ہے جو کہ 70 ہزار روسی روبل (ایک لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی ۔

اگر اس کی قیمت واقعی اتنی ہوتی ہے تو یہ سام سنگ کی تاریخ کا سب سے مہنگا فون بھی ثابت ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں