ہولی وڈ کی پہلی پلس سائز خاتون سپر ہیرو فلم

اپ ڈیٹ 01 جولائ 2018
ممکنہ طور پر فلم کا نام بھی فئتھ ہربرٹ رکھا جائے گا—فوٹو: ڈیڈ لائن
ممکنہ طور پر فلم کا نام بھی فئتھ ہربرٹ رکھا جائے گا—فوٹو: ڈیڈ لائن

اگرچہ ہولی وڈ میں خاتون سپر ہیروز کی ’ونڈر ویمن‘ سمیت دیگر فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔

تاہم اب پہلی بار ہولی وڈ میں پلس سائز یعنی بھاری بھر کم سپر ہیرو خاتون کی کامک فلم بنائے جانے کا امکان ہے۔

ہولی وڈ میں پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو پر مبنی فلم بنائے جانے کی بھی تیاریاں جاری ہیں، تاہم جلد ہی شائقین ایک وزندار خاتون کو سپر ہیرو کے کردار میں دیکھ سکیں گے۔

شوبز نشریاتی ادارے ’ڈیڈ لائن‘ کی رپورٹ کے مطابق والینٹ کامکس اور سونی پکچرز اسٹوڈیو کے درمیان پہلی پلس سائز خاتون سپر ہیرو کامک فلم بنانے کا معاہدے طے پا گیا۔

—فوٹو: اپروکس
—فوٹو: اپروکس

رپورٹ کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان والینٹ کامک کی جانب سے 1992 میں متعارف کرائے گئے پلس سائز خاتون سپر ہیرو کردار ’فئتھ ہربرٹ‘ پر سائنس فکشن سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا معاہدہ ہوا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم میں پلس سائز سپر ہیرو کا کردار کون ادا کرے گا، تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے اختتام تک فلم کی کاسٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا امکان

سونی پکچر نے فلم کا اسکرپٹ لکھنے کے لیے امریکن لکھاری ماریہ میلنک کی خدمات حاصل کرلی ہیں، جنہوں نے اس سے قبل امریکی گاڈز، کنٹرپارٹ اور بلیک سیل جیسی فلموں کے اسکرپٹ لکھے ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کا نام بھی ’فئتھ ہربرٹ‘ ہی رکھا جائے گا، تاہم ابھی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

—فوٹو: انورس
—فوٹو: انورس

فئتھ ہربرٹ اکا زیفائر ایک ایسی بھاری بھر کم خاتون ہوتی ہیں جو انتہائی کم عمری میں اپنے والدین کو کھودیتی ہیں، وہ یتیم ہونے کے بعد بڑی جدوجہد سے بڑی ہوکر ایک صحافتی ادارے میں بطور رپورٹر خدمات سر انجام دیتی ہیں۔

مزید پڑھیں: پہلی ’سپر ہیرو گرل‘ کومک کتاب

اضافی وزن کی حامل فئتھ ہربرٹ کو کامک سیریز میں جہاں یتیم اور ایک بااصول رپورٹر دکھایا گیا ہے، وہیں انہیں رات کے اوقات میں جرائم پیشہ افراد اور گروہوں کے خلاف لڑتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

سونی اسٹوڈیوز نے بھاری بھر کم خاتون سپر ہیرو کی فلم بنانے کا اعلان مارول اسٹوڈیو کے اس اعلان کے بعد کیا ہے، جس میں کامک اسٹوڈیو نے پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو کمالا خان پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا۔

—فوٹو: نیوز ہب
—فوٹو: نیوز ہب

تبصرے (0) بند ہیں