اسلام آباد: سینیٹ کے قائم مقام چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ اسلام آباد، ایران پاکستان گیس منصوبے پر تیزی سے پیش رفت دیکھنے کا خواہاں ہیں اور حکومت اس منصوبے پر عمل درآمد کرے گی کیونکہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔

ایرانی سفیر مہدی ہنردوست سے پارلیمان ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچتا ہوا دیکھیں گے۔

اس موقع پر سلیم مانڈوی والا نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک ایران سرمایہ کاری کمپنی کو دوبارہ سے متحرک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے دونوں ممالک کے مفاد میں بہترین ذریعہ ہے۔

مزید پڑھیں: پاک۔ ایران گیس پائپ لائن میں اہم پیشرفت

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ خطے اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان اور ایران نے ایک جیسے خیالات کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلق کے فروغ کے کافی مواقع ہیں۔

انہوں نے پاکستان ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمنٹ کی سطح پر مسلسل تبادلے کے ذریعے تعلقات بڑھانے چاہئیں۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی اور استحکام میں شراکت کے علاوہ دونوں ممالک ثقافتی، مذہبی اور علاقائی اقتدار میں مشترکات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'مسائل کےحل کیلئے پاکستان، ایران کو مل کرکام کرنا ہوگا'

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی فاہدے کے لیے مختلف سطح پر بات چیت کے ذریعے بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر ایرانی سفیر نے سلیم مانڈوی والا کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان باہمی تعاون اور بہت تعلقات کے ذریعے بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے اور اس سے باہمی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔


یہ خبر 11 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں