لندن پولیس نے مظاہرہ کرنے والے نوجوان کو مُکا مارنے پر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کو ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر مظاہرین سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ پاکستان جانے سے پہلے ایون فیلڈ اپارٹمنسٹس ان کے حوالے کر دیئے جائیں۔

اس دوران ایک شخص نے جنید صفدر اور ان کے کزن زکریا حسین کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے جس پر دونوں مشتعل ہوگئے اور اسے مکا مارا۔

مظاہرین نے واقعے کی اطلاع موقع پر موجود پولیس کو دی جس نے جنید صفدر اور زکریا حسین کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

جنید صفدر کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر موجود مظاہرین نے ان پر تھوکا اور حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر وہ مشتعل ہوئے۔

دوسری جانب نواز شریف اور مریم نواز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے وہ براستہ دبئی جمعہ کی شام کو پاکستان پہنچیں گے۔

پاکستان میں جنید صفدر کے والد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو نیب حکام پہلے ہی گرفتار کرکے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل بھیج چکے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں