نگراں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات وقاص احمد ریاض کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقاص احمد ریاض نے کہا کہ ’نواز شریف کو 13 جولائی کو جیل منتقل کیا گیا اور 14 جولائی کو بہتر سہولیات فراہم کی گئیں، انہیں تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور جیل کا میڈیکل اسٹاف ان کا باقاعدہ ٹیسٹ کر رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کی صحت بہتر ہے، ان کو تمام پھل فراہم کیے جارہے ہیں، انہیں بہترین واش روم بھی فراہم کیا گیا ہے جبکہ ان سے ان کی فیملی بھی مل چکی ہے۔‘

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز کو بھی خواتین کے جیل میں تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔‘

انہوں نے واضح کیا کہ ’کوئی بھی جیل سے سیاسی مہم نہیں چلا سکتا، اگر کوئی جیل کے قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔‘

مزید پڑھیں: لیگی رہنماؤں کی اڈیالہ آمد، نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی

اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر نے کہا کہ ’جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق معاملات چلائے جاتے ہیں، اے کلاس کو ختم کردیا گیا ہے، ایک بہتر کلاس ہے اور ایک نارمل کلاس ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اور مریم نواز کو بہتر کلاس دی جارہی ہے، تمام جیلوں میں خواتین کے لیے بہتر کلاس رکھی گئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جیل میں مندرجہ ذیل سہولیات فراہم کی جارہی ہیں:

  • انہیں جیل کے بہتر کلاس پورشن میں ایک علیحدہ کمرے میں رکھا گیا ہے۔
  • کمرے میں نواز شریف کو ایک لوہے کا پلنگ، میز، کرسی، اخبارات، ان کی اپنی ذاتی بستر کی چادریں اور کپڑے، ایک چھت کا پنکھا اور دو بریکٹ فین اور ٹوائلٹ کے سامان کی سہولت دی گئی ہے۔
  • انہیں 21 انچ کے ایک ٹی وی سیٹ کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
  • نواز شریف کو چہل قدمی کے لیے مناسب جگہ فراہم کی گئی ہے اور وہ باقاعدگی سے اپنے کمرے سے منسلک لان میں چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔
  • جیل کا میڈیکل اسٹاف اور راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کنسلٹنٹ ان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کرتے ہیں اور ماہر کی تجویز کردہ غذا اس مقصد کے لیے تعینات کردہ ایک خصوصی باورچی تیار کرکے فراہم کررہا ہے۔
  • انہیں پھل، سلاد، کھجوریں اور تجویز کردہ خوراک (قیمہ) بھی فراہم کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا جیل میں ٹرائل قانون و آئین سے متصادم ہے، شہباز شریف

واضح رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے نواز شریف کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے نگراں حکومت کو خط لکھا تھا۔

شہباز شریف کے نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے نام لکھے گئے خط میں نواز شریف کو سابق وزیر اعظم کے استحقاق کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

خط میں کہا گیا کہ ’نواز شریف دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں، اس لیے ان کے ذاتی معالج کو تواتر کے ساتھ طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔‘

تبصرے (0) بند ہیں